افغان سرحد سے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام،فورسز کا فائرنگ پر منہ توڑ جواب

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر پاکستانی سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش نے ناکام بنا دی ہے جبکہ افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں پاکستانی فورسز کی کارروائی سے افغان طالبان کی چوکیوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کرم کے شلوزان سیکٹر میں پاک افغان سرحد پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ایک گروہ نے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی، جسے پاکستانی سکیورٹی فورسز نے روک دیا۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان سے سرحدی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ پر سکیورٹی فورسز کا منہ توڑ جواب، طالبان فرار

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر افغان طالبان نے مبینہ طور پر بلااشتعال فائرنگ شروع کردی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی فائرنگ کے جواب میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے فوری، مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں مبینہ دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام ہوگئی جب کہ افغان طالبان کی سرحدی چوکیوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔

واضح رہے کہ پاک افغان سرحد پر حالیہ دنوں میں فائرنگ اور جھڑپوں کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔ اس سے قبل 27 اکتوبر کو جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ میں افغان طالبان کی جانب سے مبینہ طور پر بلااشتعال فائرنگ اور مارٹر گولے داغے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:طالبان رجیم  پاکستان کی بات مانیں  ورنہ سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے،احمد شریف چوہدری

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک مارٹر گولہ شہری آبادی میں گھر پر گرا، جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے تھے، جبکہ علاقے کی بعض دکانوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

واقعے کے بعد 28 اکتوبر کو وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان کے بیان کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ افغان فورسز نے پاکستانی حدود میں غیر مسلح شہریوں کو نشانہ بنایا اور مارٹر گولے فائر کیے۔ وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی 7 پوسٹیں تباہ کردی تھیں۔