مہنگی ایل پی جی فروخت کرنیوالوں کیخلاف سخت ایکشن، ایجنسیاں سیل

 مظفرآباد: سیکرٹری صنعت و تجارت اور ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی چیف انسپکٹر ایکسپلوزیو راجہ جاوید انور، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مظفرآباد راجہ کاشف لطیف خان اور اسسٹنٹ کمشنر حماد بشیر نے مظفرآباد کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی گیس ایجنسیوں، ریٹیل آؤٹ لیٹس اور ایل پی جی پلانٹس کا معائنہ کیا۔

معائنہ کے دوران جن ایل پی جی ایجنسیوں، ریٹیل آؤٹ لیٹس اور ایل پی جی پلانٹس میں اوگرا کے نوٹیفائی شدہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کی جا رہی تھی، انہیں موقع پر سیل کر دیا گیا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:ہائی کورٹ:ایل پی جی کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کی سخت ہدایت

اس موقع پر ڈپٹی چیف انسپکٹر ایکسپلوزیو راجہ جاوید انورنے کہا کہ سیکرٹری صنعت و تجارت اور ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کو اوگرا کے نوٹیفائی شدہ نرخوں پر ہی ایل پی جی فراہم کی جائے۔

راجہ جاوید انور نے کہا کہ اس معائنہ کا مقصد صرف اور صرف قیمتوں کو چیک کرنا تھا کہ آیا ایل پی جی سرکاری نرخوں پر فروخت ہو رہی ہے یا نہیں، اور جہاں زائد قیمت وصول کی جا رہی تھی وہاں کارروائی کی گئی ہے۔

راجہ جاوید انور نے کہا کہ عوام کو لوٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ جو بھی دکاندار، ایجنسی یا پلانٹ مالک اوگرا کے مقرر کردہ نرخ سے زیادہ قیمت وصول کرے گا، اس کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کا ایل پی جی کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ

راجہ جاوید انور نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی بھی جگہ اوگرا کے نوٹیفائی شدہ نرخ سے زیادہ قیمت پر ایل پی جی فروخت کی جا رہی ہو تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔

راجہ جاوید انور نے کہا کہ ایل پی جی کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد کے لیے معائنہ کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔