اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) سپریم کورٹ نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں کے اجتماعی تعین سے متعلق کیس کا فیصلہ سنادیا۔
پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کیخلاف مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کی پرائس فکسنگ سے متعلق کارروائی برقرار رکھتے ہوئے 3 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس صلاح الدین پنہور پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کے دوران سی سی پی اور کمپٹیشن اپیلیٹ ٹربیونل کے بنیادی مؤقف کی توثیق کردی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حملوں کے باوجود سڑکوں کی بحالی کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری رہےگا، آزادکشمیر پولیس
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ مسابقتی کاروباری اداروں کی جانب سے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں کا اجتماعی تعین کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 4 کی خلاف ورزی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ مسابقتی کاروباری اداروں کو اپنی قیمتیں آزادانہ طور پر طے کرنا ہوں گی۔ کسی تجارتی ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے اجتماعی طور پر قیمتوں کا تعین آزاد مسابقت کو محدود کرتا ہے اور اسے قانونی طور پر قبول نہیں کیا جا سکتا۔
سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ اگر اجتماعی طور پر مقرر کی گئی قیمت صارفین کے لیے کم یا بظاہر فائدہ مند بھی ہو، تب بھی مسابقتی اداروں کا مل کر قیمت مقرر کرنا قانوناً جائز نہیں۔
عوامی مفاد کا مؤقف بھی اجتماعی پرائس فکسنگ کو قانونی جواز فراہم نہیں کرتا۔ مشترکہ طور پر قیمت مقرر کرنا آزاد مسابقتی قیمتوں کا متبادل نہیں ہو سکتا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سدھنوتی، سڑک کلیئرنس آپریشن کے دوران کالعدم ایکشن کمیٹی جتھے کا حملہ،رینجرز اہلکار شہید،دوسرا زخمی
عدالت کے مطابق ہر کاروباری ادارے کو اپنی تجارتی ضروریات اور مارکیٹ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں کا آزادانہ تعین کرنا چاہیے
سپریم کورٹ نے مزید قرار دیا کہ قیمتوں کے معاملے میں وفاقی حکومت کو بائی پاس کرکے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن سے مشاورت کرنے کے بجائے متعلقہ معاملے پر مسابقتی کمیشن آف پاکستان سے رجوع کیا جانا چاہیے تھا۔
عدالت کے مطابق سی سی پی کو بائی پاس کرکے ایسوسی ایشن سے قیمتوں پر مشاورت کمپٹیشن ایکٹ کی خلاف ورزی کا باعث بنی۔
عدالت نے سی سی پی اور کمپٹیشن اپیلیٹ ٹربیونل کے بنیادی نتائج برقرار رکھتے ہوئے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے خلاف کارروائی کی توثیق کردی اور 3 کروڑ روپے جرمانہ جمع کرانے کی ہدایت کی۔




