نیلم (راجہ ساجد) وزیر توانائی و آبی وسائل آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ ثاقب مجید دو روزہ دورے پر وادی نیلم پہنچ گئے۔
وزیر توانائی و آبی وسائل راجہ ثاقب مجید نے پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس آٹھمقام میں محکمہ برقیات کے افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حکومتِ آزاد کشمیر نے ‘قومی تقریبات کمیٹی’ کی تشکیلِ نو کر دی: ثاقب مجید راجہ چیئرمین مقرر
اجلاس میں ضلع نیلم میں بجلی کی فراہمی، محکمانہ امور، فیلڈ اسٹاف کو درپیش مسائل، بجلی کے بلوں کی وصولی اور عوامی شکایات کے ازالے سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر توانائی کو مہتمم برقیات سکندر مغل نےضلع نیلم میں محکمہ برقیات کی کارکردگی، بجلی کے نظام کو درپیش مسائل، فیلڈ میں کام کرنے والے عملے کی ضروریات اور جاری محکمانہ امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ایس ڈی او برقیات ہیڈکوارٹر بلاول کاظمی، سب ڈویژن شاردہ کے ایس ڈی او امجد اعوان سمیت محکمہ برقیات کے دیگر افسران اور عملے نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں سب ڈویژن شاردہ کیلئے نئی ورکشاپ کے قیام، آٹھمقام میں قائم ورکشاپ کی اپ گریڈیشن اورضلع نیلم میں بجلی کے کھمبوں کی تنصیب و مرمت سمیت دیگر فیلڈ امورکیلئے کرین کی فراہمی کی منظوری سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔
اس موقع پر بجلی کے کھمبوں کی تنصیبات میں غیر معیاری کام کی نشاندہی، گھریلو و کمرشل صارفین کے بجلی بلوں کی وصولی میں کمی کی وجوہات اور واجبات کی ریکوری کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیلڈ اسٹاف کو درپیش مشکلات، عوامی شکایات کے اندراج و ازالے کیلئے قائم دفاتر کی کارکردگی اور ورکشاپس کی سہولیات بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر توانائی راجہ ثاقب مجید نے محکمہ برقیات کے متعلقہ افسران سے مختلف امور کی تفصیلات حاصل کیں اور ضلع نیلم میں بجلی کے نظام کو بہتر بنانے، عوامی مشکلات کم کرنے اور محکمانہ کارکردگی میں بہتری کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیر توانائی و آبی وسائل ثاقب مجید راجہ کا یونین کونسل جھنڈ گراں کا دورہ، شاندار استقبال
دورے کے دوران محکمہ برقیات کی ضروریات، فیلڈ آپریشنز میں بہتری اور بجلی کے واجبات کی وصولی سے متعلق امور کو بھی اہمیت دی گئی۔




