بارش

راولپنڈی، اسلام آباد میں گرج چمک کیساتھ تیز بارش، کئی علاقے زیرِ آب

راولپنڈی اور اسلام آباد میں رات گئے تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کے باعث مختلف علاقوں میں پانی جمع ہوگیاجبکہ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اسلام آباد کے جی سکس میں انڈر پاسز بارش کے پانی سے بھر گئے جبکہ چھٹہ بختاور میں سڑکیں اور گلیاں پانی میں ڈوب کر تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ بارش کا پانی بعض گھروں میں بھی داخل ہوگیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر: مون سون بارشیں، 13افراد جاں بحق، 60مکان تباہ،ایس ڈی ایم اے

شدید بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، جبکہ واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کیلئے تعینات کردی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے، جس کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد اور آزاد کشمیر میں بارش، محکمہ موسمیات کی 23 اگست تک مزید بارشوں کی پیشگوئی

دوسری جانب دریائے سندھ میں بھی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ کالاباغ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جہاں پانی کی آمد 3 لاکھ 97 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش: راجہ بازار پانی میں ڈوب گیا، نالہ لئی میں طغیانی پر فلڈ الرٹ جاری

تربیلا ڈیم، چشمہ بیراج، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق ملک کے دیگر دریاؤں میں صورتحال معمول کے مطابق ہے۔