راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش: راجہ بازار پانی میں ڈوب گیا، نالہ لئی میں طغیانی پر فلڈ الرٹ جاری

راولپنڈی / اسلام آباد : جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل تیسرے روز بھی طوفانی اور موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث راجہ بازار سمیت کئی نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ سڑکیں اور نالے پانی سے بھر جانے کے باعث متعدد گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں اور پانی گھروں و دکانوں میں داخل ہونے سے شہریوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے نالہ لئی کے لیے فلڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے انتظامیہ کو نشیبی علاقوں سے آبادی کے انخلا کی پیشگی تیاریوں کی ہدایت کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق شمس آباد میں 122 ملی میٹر، کچہری میں 121 ملی میٹر، جبکہ پیرودھائی اور نیو کٹاریاں میں 118، 118 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ بوکرہ اور پی ایم ڈی کے مقام پر 100 ملی میٹر، سیدپور میں 95 ملی میٹر اور گولڑہ میں 94 ملی میٹر بارش ہوئی۔ مسلسل اور غیر معمولی بارش نے شہر کے نکاسی آب کے نظام کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش: رین ایمرجنسی نافذ، اگلے 2 سے 4 گھنٹے انتہائی اہم !

صبح کے اوقات میں نالہ لئی میں پانی کی سطح تشویشناک حد تک بلند ہو گئی، جہاں کٹاریاں کے مقام پر پانی 21 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 16 فٹ تک پہنچ گیا۔ اگرچہ بعد میں پانی کی سطح میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے چند گھنٹوں میں مزید شدید بارشوں کا امکان ہے، جس سے برساتی نالوں میں اچانک طغیانی اور اربن فلڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔

بارش کی شدید صورتحال کے پیشِ نظر کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی کی ہدایت پر تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ واسا، ریسکیو، سول ڈیفنس اور ضلعی انتظامیہ کا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، ڈھوک کھبہ، سرکلر روڈ اور صادق آباد جیسے حساس و نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے متحرک ہے۔

امدادی کارروائیوں کے دوران صدر کے علاقے میں ایک مدرسے کے احاطے میں پانی داخل ہونے پر ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 150 بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گیلی سڑکوں پر رفتارسست رکھیں، اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر تیز بہاؤ والے پانی یا نشیبی علاقوں سے گزرنے سے گریز کریں۔ بالخصوص موٹر سائیکل سواروں کو انتہائی بائیں لین میں چلنے اور ہیلمٹ کے لازمی استعمال کی تاکید کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ برساتی نالوں یا گٹروں میں کچرا پھینکنے اور گٹروں کے ڈھکن کھولنے سے سخت گریز کریں کیونکہ یہ نکاسی کے راستے بند کرنے اور حادثات کا سبب بن سکتے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری واسا ہیلپ لائن 1334 یا پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا یہ اسپیل 21 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔