لیڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن انگلینڈ کی میچ پرگرفت مضبوط ہوگئی، انگلینڈ نے 8 وکٹ پر 366 رنز بناکر پاکستان کے خلاف 195 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
ٹیسٹ کے دوسرے دن گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے میچ تاخیر سے شروع ہوا۔ انگلینڈ نے 2 وکٹ پر 112 رنز سے آغاز کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور انگلینڈ کا پہلے ٹیسٹ میں انوکھا واقعہ، گیند درمیان سے کاٹ کر 2 حصوں میں تقسیم کر دی گئی
انگلینڈ کے جارڈن کاکس 73 رنز بناکر علی عثمان کا شکار بنے، جو روٹ نے66 رنز بنائے، ہیری بروک کا ایک رن پر سلمان علی آغا نے کیچ گرا دیا۔
ڈین لارنس نے51 رنز بنائے، ہیری بروک 91 رنز بناکر نمایاں رہے۔انگلینڈ نے دوسرے دن کے اختتام تک 8 وکٹ پر366 رنز بناکر پاکستان کے خلاف195رنز کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کی جانب سے علی عثمان نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، وہ پاکستان کی جانب سے انگلینڈ میں ٹیسٹ کی ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی لیفٹ آرم اسپنر بن گئے۔
ان کے علاوہ محمد عباس، خرم شہزاد اور محمد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل تین اپنی پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی تھی اور پوری ٹیم 48.1 اوور میں 171 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
جواب میں پہلے دن کے اختتام تک انگلینڈ نے 2 وکٹ پر 112 رنز بنا لیے تھے۔
گزشتہ روز پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ کھیلے جا رہے 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انگلش کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیاتھا۔
ٹاس جیتنے کے بعد انگلش کپتان جو روٹ کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی میرے لیے فخر کی بات ہے، پاکستان کو کم سے کم اسکور پر آئوٹ کرنے کی کوشش کریں گے، وکٹ میں کچھ نمی موجود ہے جس سے ہم فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:اسپینٹک چوٹی سر کرنیوالی کوہ پیما عاصمہ مشتاق واپسی پر زندگی کی بازی ہار گئیں
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے،گزشتہ روز آخری لمحات میں معلوم ہوا کہ میں کپتانی کروں گا،ہر سیریز ایک موقع ہوتی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ یہاں کامیابی حاصل کی جائے۔
پاکستان کی فائنل الیون میں کپتان سلمان علی آغا، امام الحق، اذان اویس، عبداللّٰہ شفیق، شان مسعود، سعود شکیل، محمد رضوان، علی عثمان، خرم شہزاد، محمد علی اور محمد عباس شامل ہیں۔




