ایاز صادق

سپیکر ایاز صادق سے پیپلز پارٹی وفد کی ملاقات،اندرونی کہانی سامنے آگئی

پیپلز پارٹی کے وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

پیپلز پارٹی کے وفد سے ہونے والی ملاقات میں حکومتی وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور رانا ثناء اللہ بھی شامل تھے ۔

یہ بھی پڑھیں:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا حکومت سے ہر قسم کا تعاون معطل کرنے کا بڑا اعلان

ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی نے ہر اہم قومی، پارلیمانی اور سیاسی معاملے میں نظر انداز کئے جانے کی شکایات کیں۔

پیپلزپارٹی وفد نے سپیکر قومی اسمبلی سے آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ارکان نے کہا کہ حکومت کی وعدہ خلافیاں جاری رہیں تو ساتھ چلنا مشکل ہوجائے گا ، پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے سنگین الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

ذرائع کے مطابق حکومتی وفد کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے ٹھوس شواہد دے تو تحقیقات کے لیے تیار ہیں ، قانون سازی کے معاملے پر بھی پیپلز پارٹی کے خدشات دور کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں نے قانونی اور پارلیمانی امور پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ دونوں اتحادی جماعتیں اپنے اختلافات ختم کریں ، اس کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

یہ بھی پڑھیں:اوورسیز نشست پر ن لیگ کے چودھری عبدالرحمان آرائیں بلامقابلہ منتخب

یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا تھا کہ اب حکومت سے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا جائیگا۔

بلاول بھٹو نے واضح کیا تھا کہ پیپلز پارٹی کے اکان ارکان اسمبلی کسی بھی ایسی حکومتی قانون سازی کی حمایت میں ووٹ نہیں دیں گے جب تک انصاف نہ ہو۔

اس کشیدگی کے بعد پیپلز پارٹی اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں اور پارلیمانی امور پر مشاورت کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔