دنیا بھر کی نظریں دبئی پر جم گئیں، 1800 کمپنیوں کی آمد نے عالمی تجارت میں نئی ہلچل مچا دی

دبئی( کشمیر ڈیجٹیل ) عالمی تجارت، تعمیراتی صنعت اور جدید انجینئرنگ کے میدان میں دبئی نے ایک بار پھر اپنی عالمی حیثیت منوا لی۔

 دنیا بھر کے سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور کاروباری اداروں کی توجہ کا مرکز بننے والی بین الاقوامی نمائش ’’بگ فائیو گلوبل 2026‘‘ شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔

 چار روزہ نمائش میں 60 سے زائد ممالک کی 1800 سے زیادہ کمپنیوں اور 20 سے زائد بین الاقوامی پویلینز کی شرکت نے متحدہ عرب امارات کے مضبوط معاشی ڈھانچے، سرمایہ کاری کے سازگار ماحول اور عالمی کاروباری مرکز کی حیثیت کو نمایاں کردیا۔

دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 23 سے 26 نومبر تک جاری رہنے والی اس عالمی نمائش میں تعمیرات، مکینیکل انجینئرنگ، جدید ٹیکنالوجی، صنعتی پائپنگ، ایئرکنڈیشننگ اور ریفریجریشن کے شعبوں سے وابستہ عالمی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات اور جدید تکنیکی حل پیش کیے۔

یہ بھی پڑھیں :یواےای:خاتون کاروباری شخصیت کا بڑا سرپرائز، ملازماؤں میں لاکھوں روپے مالیت کے فونز تقسیم

نمائش نے بین الاقوامی کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور نئی تجارتی شراکت داریوں کے فروغ کے لیے اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔

نمائش کے اختتام پر معروف کاروباری شخصیت اور ٹی این ایس گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر طاہر نیاز، ڈاکٹر سالم مبارک العامری اور ہادی طاہر نے متحدہ عرب امارات کی قیادت، دبئی کی جدید انتظامی صلاحیتوں اور کاروبار دوست پالیسیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر طاہر نیاز کا کہنا تھا کہ بگ فائیو گلوبل 2026 عالمی سطح کی ایک غیر معمولی کامیاب نمائش ثابت ہوئی ہے۔

 متحدہ عرب امارات کی دوراندیش قیادت، جدید انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات نے دبئی کو عالمی کاروباری برادری کا اہم مرکز بنا دیا ہے۔

 طاہر نیاز نے کہا کہ ایسی عالمی نمائشیں مختلف ممالک کے صنعت کاروں، سرمایہ کاروں اور انجینئرنگ ماہرین کو ایک چھت تلے جمع کرکے جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے اور نئے کاروباری مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان، معدنی شعبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے امکانات روشن

 ٹی این ایس گروپ کے وفد نے نمائش کے دوران اپنے بین الاقوامی انجینئرنگ برانڈز مولر اسٹریم لائن، کوپ لینڈ، میکسل ٹیوبز، ڈینفوس اور ڈینا ایس آر ایل کی مصنوعات اور خدمات کو بھی اجاگر کیا۔

 عالمی برانڈز کا تعلق امریکہ، جنوبی افریقہ، یورپ اور اٹلی سے ہے، جو مختلف صنعتی اور تعمیراتی شعبوں میں جدید تکنیکی حل فراہم کر رہے ہیں۔

طاہر نیاز، ڈاکٹر سالم مبارک العامری اور ہادی طاہر نے نمائش کے منتظمین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دبئی میں ایسے عالمی ایونٹس کا تسلسل بین الاقوامی تجارت، صنعتی جدت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا

۔ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کا طویل المدتی معاشی وژن، کاروبار دوست ماحول اور جدید انفراسٹرکچر دبئی کی عالمی سطح پر مسلسل ترقی کی بنیادی وجوہات ہیں۔