اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وفاقی حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بڑی کمی اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 20 اگست کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے میکنزم کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے۔
نوٹیکفیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 97 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 337 روپے 51 پیسے فی لیٹر قیمت مقرر ہوگئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 32 روپے 63 پیسے کی بڑی کمی کی گئی ہے، اس کمی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 363 روپے 06 پیسے ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 20 اگست کے لیے ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا ڈیزل کی قیمت میں 30سے 32 روپے فی لٹر کمی کا فیصلہ
دوسری جانب و زیر اعظم شہباز شریف نے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایندھن کی قیمتوں کے حوالے سے عوامی ریلیف کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے علی پرویز ملک کو فی الفور کراچی پہنچنے اور آئل ریفائنریز سے مذاکرات کرنے کا حکم دیدیا۔
اس سے قبل وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے کی کمی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 18 اگست کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول 3 روپے 34 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 27 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا تھا۔
اس اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 334 روپے 54 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 395 روپے 69 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
یہ بھی یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 10 مرتبہ کمی اور 12 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 7 مرتبہ کمی ہوئی جب کہ 15 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔




