مظفرآباد: طوفانی بارشیں،طغیانی، ملبہ، شہری نئی مشکل میں پھنس گئے

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)دارالحکومت مظفرآباد میں مون سون بارشوں کے دوران مختلف ندی نالوں میں طغیانی کے بعد جمع ہونے والا ملبہ تاحال شہریوں کے لیے مسئلہ بنا ہوا ہے

جبکہ متعدد مقامات پر صفائی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات نہ ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

لاری اڈا مظفرآباد کے علاقے میں صورتحال اس وقت مزید توجہ طلب ہوگئی جب شہریوں نے سرکاری اداروں کی جانب سے صفائی کا انتظار کرنے کے بجائے اپنی مدد آپ کے تحت ندی نالوں اور سڑکوں پر جمع ملبہ اٹھانا شروع کردیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر ایڈہاک ایکٹ کیس: ہائیکورٹ میں سماعت 9 ستمبر مقرر

شہریوں کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران ندی نالوں میں آنے والا ملبہ، مٹی اور دیگر کچرا مختلف مقامات پر جمع ہوگیا، تاہم کئی روز گزرنے کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر صفائی کا انتظام نہیں کیا گیا، جس کے باعث آمدورفت اور نکاسی آب کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں میونسپل اداروں، ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن، ایس ڈی ایم او اور دیگر متعلقہ محکموں کی موجودگی کے باوجود شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت صفائی کرنا پڑ رہی ہے، جو انتظامی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر قدرتی آفات اور مون سون کے دوران صفائی، ملبہ ہٹانے اور نکاسی آب کے لیے وسائل اور فنڈز مختص کیے گئے ہیں تو عملی طور پر ان کا استعمال کہاں ہو رہا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا ایک اور انقلابی اقدام ،سولر سٹریٹ لائٹس منصوبے کا افتتاح

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ لاری اڈا سمیت مظفرآباد کے مختلف علاقوں میں ندی نالوں اور سڑکوں پر جمع ملبہ فوری طور پر اٹھایا جائے، نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے کا پابند بنایا جائے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ قدرتی آفات کے بعد بروقت صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات نہ صرف شہریوں کی مشکلات کم کرنے بلکہ مزید نقصانات سے بچاؤ کے لیے بھی ضروری ہیں، اس لیے متعلقہ ادارے فوری اقدامات کریں۔