اسلام آباد راولپنڈی سمیت کئی علاقوں میں تیسرے روز بھی موسلادھار بارش کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے اور متعدد علاقے زیر آب ہیں،پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔
راولپنڈی میں شمس آباد34، پیرودہائی 45، کچہری میں 74 ، گولڑہ 36، سید پور 38،بوکرہ میں 48 ملی میٹر بارش رکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی،اسلام آباد: موسلادھار بارش ،رین ایمرجنسی نافذ ، عملے کی چھٹیاں منسوخ
اس کے علاوہ مری روڈ ، کمرشل مارکیٹ ، کٹاریاں ، گوالمنڈی ، مختلف علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح 18 فٹ تک بلند ہو گئی جس کے باعث خطرے کے سائن بجا دئیے گئے۔
واسا کے مطابق کٹاریاں کے مقام نالہ لئی کی سطح 21فٹ تک بلند ہوگئی ہے جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی 17فٹ تک بلند ہوئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے کٹاریاں اور گوالمنڈی کے علاقے سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔
متعلقہ محکمہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل الرٹ ہیں ، این ڈی ایم اے نے بھی ہنگامی الرٹ جار کر دیا ۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے کئی علاقوںمیں بھی موسلا دھار بارش ہوئی جس کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ پنجاب،آزادکشمیر، پختونخوا میں بھی بارش کی اطلاعات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش کی پیشگوئی
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون کے چھٹے اسپیل کے تحت طوفانی اور موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کیاہے۔
یہ موسمیاتی سلسلہ بالائی علاقوں،آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے گا جس سے گرمی اور حبس کی شدت میں نمایاں کمی متوقع ہے جبکہ سیلابی صورتحال، لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔




