اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما،آزادکشمیر امور کی انچارج محترمہ فریال تالپورکی زیرصدارت ہوا جس میں خواتین کی مخصوص نشستوں کےلئے امیدواروں کے نام پر غور کرنے کے بعد حتمی فہرست چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ارسال کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس منگل کی شام پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما،آزادکشمیر امور کی انچارج محترمہ فریال تالپورکی زیرصدارت ہوا جس میں مرکزی رہنما چوہدری محمد ریاض بھی شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کی مخصوص نشستوں پر پولنگ، امیدواروں کے نام بھی سامنے آگئے
اجلاس میں پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین،چوہدری یاسر سلطان،سردار ضیاء القمر، سردار جاوید ایوب،سید بازل نقوی، عبدالماجد خان، قاسم مجید نے شرکت کی۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور ، میاں عبدالوحید، عامر عبدالغفار لون اور مختار احمد عباسی شریک نہیں ہوسکے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں 12خواتین کے ناموں پر غور کیا گیا اورحتمی سفارشات چیئرمین پیپلزپارٹی کو ارسال کی گئیں جن کی طرف سے آج منظوری دیئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق ڈپٹی سپیکر شاہین کوثرڈار،شگفتہ نورین کاظمی،افراء شہزادی،فرزانہ یعقوب،نبیلہ ایوب، صدف شیخ، شازیہ اکبر،زوبیہ خورشید راجا،میمونہ حبیب جرال، سدرہ لطیف ،شاہ بانو ظفر اور گلزار فاطمہ کے نام شامل ہیں۔
پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے آج بدھ کو 2حتمی ناموں کی منظوری دیئے جانے کاامکان ہے۔
یاد رہے مخصوص نشستوں کیلئے کل 20اگست کو کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیرانتخابات : مسلم لیگ ن 25 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئی
قانون سازاسمبلی کی موجودہ پوزیشن کے مطابق خواتین کی 5نشستوں میں سے مسلم لیگ(ن) کو3اور پیپلزپارٹی کو2نشستیں ملنے کا امکان ہے ۔
ٹیکنوکریٹ، علماء ومشائخ اور اوورسیز کی تینوں نشستیں (ن) لیگ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیگی۔مسلم لیگ کی طرف سے آج یا کل امیدواروں کا اعلان متوقع ہے۔




