امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،قائم مقام صدر

مظفرآباد: قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر کی زیرصدارت امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتازراٹھور نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری خوشحال خان خٹک اور آئی جی پولیس کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو کا آزادکشمیر الیکشن تنازعہ قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ

چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے قائمقام صدرچوہدری لطیف اکبر اور وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور کو امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پرقائم مقام صدرچوہدری لطیف اکبر نے امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے بروقت اور بلا تفریق اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

چوہدری لطیف اکبر اور فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر رکھنے اور ممکنہ واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔

قائمقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے امن و امان کے قیام کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھنے پر زوردیا۔

یاد رہے کہ قائم مقام صدرچوہدری لطیف اکبر کے حلقہ کھاوڑہ میں گزشتہ دنوں دوقبائل کے مابین تصادم کے نتیجے میں 5 انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں، دوبازاروں کے علاوہ ڈیڑھ درجن سے زائد گھر نذر آتش کئے جا چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق چوہدری لطیف اکبر کی کوشش ہے کہ عہدہ چھوڑنے سے قبل معاملہ کا حل نکالا جائے اور سکیورٹی کےسخت انتظامات کئےجائیں تاکہ علاقہ میں مزید کوئی جانی ومالی نقصان نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں:حلقہ کھاوڑہ،ترہالہ واقعہ پر علاقہ میں کشیدگی،3ملزمان گرفتار

دوروز قبل سابق چیف جسٹس ہائیکورٹ صداقت حسین راجا نے فریقین کے مابین 10روزہ امن پر اتفاق کرایا تھا ، گزشتہ روزنو منتخب ایم ایل اے راجہ ثاقب مجید نے بھی علاقے کا دورہ کیا ہےاور متاثرین سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق راجہ ثاقب مجید نے بھی امن کمیٹی قائم کی ہے۔