انٹرنیشنل ورلڈ مکس مارشل آرٹس ورلڈ کپ میں پاکستان کے کم عمر فائٹر 11سالہ اورنگزیب تاثیر نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کردیا۔
ورلڈ کپ کے اپنے پہلے مقابلے میں اورنگزیب تاثیر نے جنوبی افریقہ کے 12 سالہ روبن پریٹوریس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کیلئے قابل فخر لمحہ، ویمنز نیٹ بال ٹیم نے ایشین چیمپئن شپ کا پلیٹ ٹائٹل جیت لیا
کم عمری کے باوجود پاکستانی فائٹر نے عالمی سطح کے مقابلے میں بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کو مات دی۔
انٹرنیشنل مکس مارشل آرٹس ورلڈ کپ میں 82 ممالک کے ایک ہزار سے زائد کھلاڑی شریک ہیں جس کے باعث ایونٹ کو عالمی سطح پر ایک بڑا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پہلی فائٹ میں کامیابی کے بعد اورنگزیب تاثیر کا اگلا مقابلہ ازبکستان کے دولت بیگ عالموف سے ہوگا۔ اس مقابلے میں کامیابی پاکستانی نوجوان فائٹر کو ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچا دیگی۔
رپورٹس کے مطابق اگر اورنگزیب تاثیر اس عالمی ایونٹ میں فاتح رہتے ہیں تو وہ پاکستان کو تاریخ میں پہلی بار انٹرنیشنل مکس مارشل آرٹس ورلڈ کپ کا چیمپئن بنانے کا اعزاز حاصل کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:شعیب ملک کے بیٹے اذہان نے والد کو فٹبال چیلنج دیکر مداحوں کے دل جیت لیے
11 سالہ عمر میں عالمی سطح کے اتنے بڑے مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی اور پہلے ہی میچ میں کامیابی نے نوجوان فائٹر کی صلاحیتوں کو نمایاں کردیا ہے، اب پاکستانی شائقین کی انکی اگلی فائٹ پر نظریں مرکوز ہیں۔
اورنگزیب تاثیر کی کامیابی کو پاکستانی مکس مارشل آرٹس کے لیے بھی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ عالمی مقابلے میں ان کی پیش قدمی ملک کے نوجوان فائٹرز کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال بن سکتی ہے۔




