سابق پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور ان کے بیٹے اذہان مرزا ملک کی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے توجہ حاصل کر رہی ہے، جس میں دونوں باپ بیٹا دبئی میں فٹبال کھیلتے اور ایک دوسرے کو چیلنج کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
شعیب ملک ان دنوں دبئی میں اپنے بیٹے اذہان کیساتھ وقت گزار رہے ہیں۔ اسی دوران دونوں نے فٹبال کا مقابلہ کیا، جس کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کو محظوظ کردیا۔ ویڈیو میں اذہان انتہائی پُراعتماد انداز میں اپنے والد کو فٹبال چیلنج دیتے نظر آئے۔
اذہان نے شعیب ملک کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مرتبہ ان کا دن اچھا نہیں گزرا تھا اور وہ میچ ہار گئے تھے، تاہم اس بار وہ کامیابی حاصل کرنےکیلئے پُرامید ہیں۔ انہوں نے اپنے والد کے سامنے 10 کوششوں میں 4 گول کرنے کا ہدف رکھا اور ساتھ ہی ایک دلچسپ شرط بھی عائد کردی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹیسٹ کرکٹ کو کیسے بہتر کیا جا سکتا ہے؟شعیب ملک نے حل پیش کر دیا
اذہان کے مطابق اگر وہ یہ مقابلہ جیت گئے تو شعیب ملک انہیں اسپائیڈر مین کی فلم دکھانے کیلئے سنیما لے کر جائیں گے۔ بیٹے کی جانب سے رکھی گئی اس معصومانہ شرط نے باپ بیٹے کے درمیان مقابلے کو مزید دلچسپ بنا دیا۔
ویڈیو میں دونوں کے درمیان ہونے والی نوک جھونک، دوستانہ مقابلہ اور کھیل کے دوران خوشگوار لمحات مداحوں کو بے حد پسند آئے۔ سوشل میڈیا صارفین نے اذہان کی اپنے والد شعیب ملک سے مشابہت پر بھی دلچسپ تبصرے کیے۔
کئی مداحوں نے شعیب ملک سے مزاحیہ انداز میں مطالبہ کیا کہ وہ اس بار اپنے بیٹے کو جیتنے کا موقع ضرور دیں تاکہ اذہان اپنی پسندیدہ اسپائیڈر مین فلم دیکھنے سنیما جاسکیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میری شادی سے متعلق زیرِ گردش خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں ، شعیب ملک
باپ بیٹے کے یہ خوبصورت لمحات ایک بار پھر اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ کھیل کے ساتھ ساتھ شعیب ملک اپنے بیٹے کے ساتھ معیاری وقت گزارنے کو بھی بھرپور اہمیت دیتے ہیں۔




