عمرہ زائرین

مسجد الحرام میں رش سے بچنے کیلئےسعودی حکام کی عمرہ زائرین کو اہم ہدایات

سعودی حکام نے عمرہ زائرین کو مسجد الحرام میں رش سے بچنے اور عبادات و مناسک کی ادائیگی میں آسانی کیلئے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔ زائرین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ مسجد الحرام جانے سے قبل رش کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے اوقات کا تعین کریں۔

کم رش والے اوقات کون سے ہیں؟

سعودی حکام کے مطابق مسجد الحرام میں رات 10 بجے سے صبح 4 بجے تک اور صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک رش نسبتاً کم رہتا ہے۔ ان اوقات میں زائرین طواف، سعی اور دیگر عبادات زیادہ سہولت کے ساتھ ادا کرسکتے ہیں۔

شام کے اوقات میں سب سے زیادہ رش

حکام کے مطابق صبح 5 بجے سے 8 بجے تک مسجد الحرام میں رش درمیانے درجے کا رہتا ہے جبکہ شام 5 بجے سے رات 9 بجے تک رش کی شدت سب سے زیادہ ہوتی ہے۔ زائرین کو ممکنہ حد تک ان اوقات میں مسجد الحرام جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ڈیجیٹل سہولیات سے فائدہ اٹھانے کی ہدایت

سعودی حکام نے عمرہ زائرین کو مسجد الحرام میں دستیاب ڈیجیٹل سہولیات اور براہِ راست رش کی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ حکام کے مطابق مناسب وقت کا انتخاب کرنے سے مطاف اور مسعی میں آمدورفت کو آسان بنایا جاسکتا ہے۔

عمرہ زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ

رپورٹ کے مطابق موجودہ عمرہ سیزن کے ابتدائی ڈیڑھ ماہ کے دوران 9 لاکھ 20 ہزار 500 عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ اس سے قبل جاری کیے گئے اعدادوشمار میں عمرہ ویزے پر سعودی عرب آنے والے افراد کی تعداد میں 22.5 فیصد اضافے کی نشاندہی بھی کی گئی تھی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان سمیت 4ممالک کے عمرہ زائرین کیلئے فوڈ واؤچرز لازمی قرار

زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر سعودی حکام نے پیشگی منصوبہ بندی پر زور دیا ہے تاکہ مسجد الحرام میں رش کو بہتر انداز میں منظم کیا جاسکے اور زائرین طواف، سعی اور دیگر مناسک زیادہ سہولت کے ساتھ ادا کرسکیں۔