ایمسٹرڈیم:ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف 4-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انگلینڈ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کیخلاف چار گول اسکور کیے جبکہ قومی ٹیم صرف ایک گول کرنے میں کامیاب رہی۔ پاکستان 8 سال کے وقفے کے بعد ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کر رہا ہے۔
انگلینڈ کی جانب سے اسٹوریٹ رشمیر، سیم وارث، سیم بوپر اور جیمز نے ایک، ایک گول کیا اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کی جانب سے واحد گول آخری کوارٹر میں کیا گیا تاہم قومی ٹیم میچ میں مزید گول کرنے میں ناکام رہی اور اسے پہلے ہی مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عالمی اسٹیج پر پاکستان کاپرچم بلند؛ لزبن میں قومی کھلاڑیوں نے 4 میڈلز حاصل کر لیے !
ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا دوسرا میچ پیر کے روز ویلز کے خلاف کھیلے گا، جہاں قومی ٹیم کی نظریں ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرنے پر ہوں گی۔
قومی ہاکی ٹیم کے اسکواڈ میں کپتان ابوبکر محمود اور عماد شکیل بٹ ایسے نمایاں کھلاڑی ہیں جنہیں ورلڈ کپ میں کھیلنے کا سابقہ تجربہ حاصل ہے جبکہ ٹیم کے بیشتر کھلاڑی پہلی مرتبہ عالمی کپ کے اس بڑے ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔
ورلڈ کپ سے قبل پاکستان نے نیدرلینڈز میں جنوبی افریقہ اور جاپان کے خلاف پریکٹس میچز بھی کھیلے۔ جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 3-1 سے شکست دی، جبکہ جاپان کے خلاف گرین شرٹس نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:انگلینڈ کیخلاف سیریز سے قبل قومی ٹیم کو بڑا جھٹکا،بابر اعظم انجری کا شکار
پاکستان کو ہاکی ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک مضبوط ٹیم تصور کیا جاتا ہے۔ قومی ٹیم اب تک چار مرتبہ عالمی چیمپئن بن چکی ہے۔ پاکستان نے 1971، 1978، 1982 اور 1994 میں ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔




