مری(کشمیر ڈیجیٹل)مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت مری میں آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کیلئے 3نام شارٹ لسٹ کرلئے گئے ، جبکہ وزیراعظم کے حتمی انتخاب کا اختیار نواز شریف کو دے دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شاہ غلام قادر اور طارق فاروق سمیت تین نام شارٹ لسٹ کئے گئے ہیں۔
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی مخصوص نشستوں کیلئے امیدواروں کی فہرست پارٹی قائد نواز شریف کو ارسال ، فہرست میں خواتین کی نشستوں کیلئے ماریہ اقبال ترانہ، ناصرہ خان، مریم کشمیری، نثارہ عباسی اور سحرش قمر کے نام شامل ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وسطی باغ: غیر حتمی وغیر سرکاری نتائج، ضیاء القمرکی 1,897 ووٹ کی برتری،مشتاق منہاس کو شکست
ٹیکنوکریٹ کی نشست پر راجہ شاداب سکندر، علماء و مشائخ کی نشست پر پیر مظہر سعید، اوورسیز کی مخصوص نشست کیلئے راجہ محمد جاوید کا نام فائنل ہونے کا امکان ہے۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کے نومنتخب ارکان اسمبلی نے بھی شرکت کی، جن کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ اجلاس کے دوران آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے آئندہ مرحلے اور دیگر اہم سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:باغ ری پولنگ:قمرالزمان کو شکست،مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر خان کامیاب
نواز شریف، مریم نواز اور دیگر اہم شخصیات کی نقل و حرکت کے باعث مری کے مختلف اہم روٹس پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات رہی۔
ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف دیں گے، جس کے بعد آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے اگلے مرحلے کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔




