باغ ری پولنگ:قمرالزمان کو شکست،مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر خان کامیاب

باغ (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے حلقہ ایل اے 16 باغ 3 میں ری پولنگ کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار میر اکبر خان نے کامیابی حاصل کرلی۔

غیر حتمی نتائج کے مطابق سردار میر اکبر خان نے 20,796 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار قمر الزماں خان 16,962 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کی محکمہ ان لینڈ ریونیو تقریب میں شرکت، افسران میں اعزازی شیلڈز تقسیم

سردار میر اکبر خان نے 3,834 ووٹوں کی برتری سے کامیابی حاصل کرلی ۔ سردار میر اکبر خان مسلسل چوتھی مرتبہ ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔

آزاد کشمیر کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں باغ کے دو حلقوں، ایل اے 15 اور ایل اے 16، کے مجموعی طور پر 23 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کرائی گئی۔

ایل اے 16 باغ 3 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر 7,004 ووٹرز جبکہ ایل اے 15 باغ 2 کے 9 پولنگ اسٹیشنز پر 5,000 ووٹرز رجسٹرڈ تھے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انڈونیشیا،قیامت خیز زلزلے سے تباہی،درجنوں افراد جاں بحق، متعدد عمارتیں زمین بوس

الیکشن کمیشن کے مطابق ری پولنگ کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔

واضح رہے کہ دونوں حلقوں میں 10 اگست کو انتخابی عملہ نہ پہنچنے اور کشیدگی کے باعث پولنگ ملتوی کردی گئی تھی۔