پیپلزپارٹی نے دھاندلی کا جھوٹا الزام لگایا،نئی قیادت کوکشمیر کی ترقی کیلئے دن رات ایک کرنا ہوگا،مریم نواز

مری(کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزادکشمیر مسلم لیگ ن پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلم لیگ (ن) کو آزاد کشمیر میں شاندار فتح دی۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ 10 میں سے 10 نشستیں مسلم لیگ (ن) نے جیتیں۔

مریم نواز نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے واضح کیا کہ الیکشن کی کامیابی کے بعد اصل امتحان اب شروع ہوا ہے اور نومنتخب قیادت کو عوامی خدمت کے لیے دن رات ایک کرنا ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ مجھے افسوس ہے اس بات کا کہ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) پر دھاندلی کے جھوٹے الزامات لگائے۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں جیتی تو دھاندلی کی بات نہیں کی، آزاد کشمیر میں ہاری تو دھاندلی کا الزام لگا دیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن کا اجلاس، وزیراعظم کیلئے 3نام ،مخصوص نشستوں پر خواتین سمیت 8 امیدوار شارٹ لسٹ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر کے غیور عوام نے دنگا فساد، ہڑتالوں اور شر پسند عناصر کو ووٹ کی طاقت سے شکست دے کر ترقی اور استحکام کے حق میں فیصلہ دیدیا ۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مشکل حالات میں بہترین فیصلہ کیا۔ عوام نے شرپسند عناصر اور انتشار کو ووٹ کی طاقت سے شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کشمیر کے عوام سے سڑکوں کا وعدہ اس لئے نہیں کر سکتی تھی کیونکہ 17 سال سے سندھ میں ان کی حکومت ہے، وہاں ایک سڑک بھی ایسی نہیں جس پر گاڑی بآسانی چل سکے۔

بسوں کا وعدہ بھی نہیں کر سکتے تھے کیونکہ انہوں نے سندھ میں عوام کو بسیں نہیں دیں۔ پیپلز پارٹی الزامات لگاتے ہوئے یہ بھول گئی کہ کشمیر میں حکومت اور انتظامیہ ان کی اپنی تھی، وزیراعظم اور صدر بھی وہاں ان کے اپنے تھے۔ دھاندلی کا الزام لگاتے وقت کچھ سوچ ہی لیتے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم نے پروٹوکول انجوائے نہیں کرنا، جدید پاکستان کا ایک ہی بانی ہے، جس کا نام ہےنواز شریف ۔

جو لوگ کہتے تھے کہ مسلم لیگ (ن) ختم ہوتی جا رہی ہے یا مسلم لیگ (ن) کمزور ہو گئی ہے، اللہ تعالیٰ نے انہیں بہترین جواب دیا ہے کہ اگر کسی جماعت کا مستقبل روشن ہے تو وہ مسلم لیگ (ن) ہے۔

پچھلی کئی دہائیوں سے جتنی سازشیں مسلم لیگ (ن) کے خلاف ہوتی آئی ہیں شاید کسی اور جماعت کے خلاف نہیں ہوئیں، جن میں قائِدِین کو مشکل مراحل سے گزرنا پڑا ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے منتخب ارکان کو ہدایت کی کہ فتح کے بعد اب کسی قسم کی شاہانہ تقاریب، ڈنر یا لنچز نہیں ہوں گے بلکہ تمام تر صلاحیتیں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کی جائیں گی۔

انہوں نے زور دیا کہ ‘اللہ تعالیٰ جس کو فتح عطا فرماتا ہے، اسے عاجزی اختیار کرنی چاہیے’۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے دستیاب بجٹ کو انتہائی شفافیت کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو ان کا حق ان کی دہلیز پر پہنچایا جائے گا تاکہ آزاد کشمیر اپنے وسائل پر پاؤں پر کھڑا ہو سکے۔

مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے دیگر صوبوں میں ترقی کا جو بھی نشان نظر آتا ہے، اس پر قائد ن لیگ میاں محمد نواز شریف کا نام کندہ ہے، جو جدید پاکستان کے بانی ہیں۔

جب میں انٹرویو لے رہی ہوتی ہوں اور کوئی کہے کہ میں نے شہباز شریف کے ساتھ کام کیا ہے تو میں آنکھیں بند کر کے اُس کی تقرری کرتی ہوں۔پنجاب سمیت جہاں بھی ترقیاتی کام جاری ہیں، ان کے پیچھے میاں شہباز شریف کی انتخابی و انتظامی وژن کی محنت شامل ہے۔