ریاستی دارالحکومت مظفرآباد کے حلقہ کھاوڑہ کی یونین کونسل کچیلی کے گائوں ترہالہ میں فائرنگ ،2افراد قتل پر پولیس نے مزکری ملزم راجہ ظہیر سمیت 3ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔
راجہ ظہیر نامی ملزم نے دیگر ملزمان کے ہمراہ نماز جمعہ کے بعد مسجد کے باہر فائرنگ کرکے چوہدری طاہر اور چوہدری امریز کو قتل اور دیگرافراد کو زخمی کیا تھا جس پر چوہدری برادری کی طرف سے ردعمل میں ملزم کے 3گھروں کو آگ لگا دی گئی تھی ۔
یہ بھی پڑھیں:ثمن عباس قتل کیس،اطالوی سپریم کورٹ سے ملزمان کی سزائیں برقرار
پولیس کی بھاری نفری نےموقع پر پہنچ کرتینوں ملزمان کو گرفتار کر لیاہے ،ابتدائی طور پر چوہدری نیاز کے بھی جاں بحق ہونے کی اطلاعات تھیں لیکن اب سی ایم ایچ مظفرآباد سے ذرائع نے تصدیق کی ہے چوہدری نیاز شدید زخمی ہیں۔
سی ایم ایچ مظفرآبادکے باہر مقتولین کے ورثا کی جانب سےملزمان کیخلاف کارروائی کیلئے شدید احتجاج کیا گیا ہے جبکہ علاقہ میں شدید کشیدگی پائی جائی ہے۔
ن لیگی کارکنوں نے پی پی کارکنوں پر فائرنگ کی،پولیس جانبدار ہے، چوہدری لطیف اکبر
قائم مقام صدر ریاست وسپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے واقعہ پر ردعمل میں کہاہے کہ مبینہ طور پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے کارکنان کی جانب سے تھانہ ڈنہ کی حدود گاؤں ترہالہ میں جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے بعد مسجد سے باہر آنے والے لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کی ہے۔
چوہدری لطیف کا کہنا تھا کہ میں متعدد مرتبہ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی کے نوٹس میں یہ بات لا چکا ہوں کہ تھانہ ڈنہ کا ایس ایچ او مبینہ طور پر انہی لوگوں سے تعلق رکھتا ہے۔ میں نے صرف اس کا تبادلہ کرنے کی درخواست کی، مگر اس حوالے سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ آج مبینہ طور پر اسی غفلت کا نتیجہ سامنے آیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان مبینہ طور پر اس قدر بے قابو ہو چکے ہیں کہ انہوں نے پیپلزپارٹی کے کارکنان کا جینا محال کر دیا ہے جبکہ پولیس پر بھی مسلم لیگ (ن) کی حمایت اور جانبداری کے الزامات سامنے آ رہے ہیں۔
چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ انتخابات کے روز بھی مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے مجھ پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایم این اے صلاح الدین ،میرے پولنگ ایجنٹ ممتاز نقوی ایڈووکیٹ سمیت دیگر افراد زخمی ہوئے۔
اسی طرح پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن مشتاق شاہ کو بھی مبینہ طور پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے قتل کیا، لیکن تاحال کسی بھی مبینہ ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داران کو فوری گرفتار کیا جائے اور پولیس کی مبینہ جانبداری کا بھی نوٹس لیتے ہوئے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
دونوں فریقین کا تعلق ن لیگ سے،سیاسی دشمنی کا رنگ نہ دیا جائے،ثاقب مجید
ممبر قانون ساز اسمبلی ثاقب مجید راجہ نے کہا کہ یونین کونسل کچیلی (ترہالہ) میں آج پیش آنے والے انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات پوری وضاحت اور ذمہ داری کے ساتھ کہنا چاہتے ہیں کہ اس واقعے کو کسی بھی صورت دو برادریوں، قبائل یا سیاسی جماعتوں کے درمیان تصادم قرار دینا حقائق کو مسخ کرنے کے مترادف ہے۔
دونوں جانب موجود افراد کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے۔ اس لیے ایک افسوسناک اور انفرادی نوعیت کے واقعے کو دانستہ طور پر برادری، قبیلے یا سیاسی دشمنی کا رنگ دینا نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ اس سے علاقے کے امن و سکون کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ کچھ ایسے عناصر، جنہیں عوام پہلے ہی سیاسی طور پر مسترد کر چکے ہیں، اس سانحے کو اپنے سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
لاشوں اور انسانی دکھ کو سیاست کی بھینٹ چڑھانا کسی بھی مہذب معاشرے میں قابلِ قبول نہیں۔سیاسی اختلاف اپنی جگہ، لیکن انسانی جانوں کے ضیاع پر سیاست کرنا اخلاقی دیوالیہ پن کی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ن لیگ نے روش تبدیل نہیں کی،لطیف اکبر پر حملہ، ایک کارکن شہید ہوگیا، قمرزمان کائرہ
قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی شفاف، غیر جانب دار اور میرٹ پر مکمل تحقیقات کریں، تمام حقائق سامنے لائے جائیں اور جو بھی قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے، اسے بلاامتیاز قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ذمہ دار سیاسی و سماجی حلقوں، عمائدین اور عوام سے اپیل ہے کہ افواہوں، اشتعال انگیزی اور غیر مصدقہ اطلاعات سے گریز کریں۔ہماری ترجیح ہر حال میں علاقے کا امن، عوام کا تحفظ اور قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے۔
اس سانحے کو کسی برادری یا سیاسی جماعت کے خلاف نفرت پھیلانے کا ذریعہ بنانے کی ہر کوشش کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔




