آزادکشمیر کے ضلع باغ کی تحصیل دھیرکوٹ کے نواحی علاقے سے تعلق رکھنے والی زوبیہ خورشید راجا کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے تمغہ شجاعت دینے کی منظوری دیدی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے یوم آزادی کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانی اور غیر ملکی شخصیات کو سول ایوارڈ دینےکی منظوری دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: زوبیہ خورشید راجہ لاک ڈاؤن میں بہادری اور حوصلے کی مثال بن گئیں
سول ایوارڈز دینے کی تقریب آئندہ سال 23 مارچ کو یوم پاکستان پر ہوگی جس میں 355 شخصیات کو مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی پر ایوارڈز دیے جائیں گے۔
زوبیہ خورشید راجا نے 2025 میں ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے دوران چمیاٹی کے مقام سے زخمی پولیس اہلکار کو جان پر کھیل کر ہسپتال منتقل کیا تھا۔شرپسندوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے پر زوبیہ خورشید راجہ کو تمغہ شجاعت سے نوازا جائے گا۔
کشیدہ حالات میں زوبیہ خورشید زخمی اہلکار کو بغیرکسی خوف یا ہچکچاہٹ کے اپنی گاڑی میں باغ منتقل کیا تھا ،باغ ہسپتال کے مین گیٹ پر پہنچتے ہی بدتمیزی بھی کی گئی لیکن زوبیہ خورشید نے زخمی کو ایمرجنسی تک پہنچایا اور جان بچالی۔
یاد رہے کہ زوبیہ خورشید راجا کو وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھورکا کوآرڈینیٹر بھی مقرر کیا گیا تھا اور الیکشن مہم کے دوران بھی پیپلزپارٹی کی بھرپور مہم چلائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد ہائی کورٹ نے محکمہ اطلاعات میڈیا کوآرڈینیٹر کی تقرری سے متعلق بڑا فیصلہ دیدیا
کشمیر ڈیجیٹل کو دیئے گئے انٹرویو میں بھی زوبیہ خورشید نے کہا تھا کہ سیاسی جماعت کی کارکن ہونے کے ناطے ان کی تربیت ایسی ہے کہ ہنگامی حالات میں گھبرانے کے بجائے صورتحال کو سنبھالنا چاہیے۔ ان کے ذہن میں یہی تھا کہ اگر ان کے عمل سے کسی کی جان بچ جائے تو گاڑی کا نقصان کوئی معنی نہیں رکھتا۔




