اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) انتظامیہ کے زیرِ اہتمام یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ’’اسلام آباد سٹی پریڈ 2026‘‘ جمعہ کو ڈی چوک میں منعقد ہوگی۔
عوامی تقریب شام 5 بجے کے بعد شروع ہوگی، جس میں شہریوں کا داخلہ مفت ہوگا۔ تقریب میں فیملیز کے لیے علیحدہ انکلوژرز اور نشستوں کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ شرکاء کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
پریڈ میں اسلام آباد پولیس کے دستے شرکت کریں گے، جبکہ معروف گلوکار نمرہ مہرا اور ساحر علی بگا سمیت دیگر فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ تقریب کے دوران کٹھ پتلی شو، رنگا رنگ فلوٹس، میسکوٹس، لوک پرفارمنس اور آتش بازی بھی پیش کی جائے گی۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے سینئر افسران کے ہمراہ ڈی چوک کا دورہ کرکے تقریب کی تیاریوں اور ریہرسل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈی چوک شہریوں کے لیے خصوصی تاریخی اور جذباتی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ ماضی میں یہاں 23 مارچ کے موقع پر قومی پریڈ منعقد ہوتی رہی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی نے الیکشن ڈیوٹی پر آئے 8 پولیس اہلکار اغوا کررکھے ہیں،ایس ایس پی خاور علی شوکت
سہیل اشرف نے کہا کہ پریڈ کی روایت کو دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے اور اس تقریب کو عوام کے لیے کھلا رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریب میں شرکت کرنے والوں کے لیے ڈی چوک کی جانب آنے والے راستے کھلے رہیں گے۔
چیف کمشنر اسلام آباد کے مطابق تقریب کے دوران ’’تاریخی‘‘ آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا، جبکہ مختلف بینڈز اور لوک فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر بھر میں جشن یوم آزادی منانے کی تیاریاں،عمارتیں جگمگا اٹھیں
انتظامیہ کے مطابق تقریب کے مقام پر عوام کے لیے تقریباً 6 ہزار نشستوں کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ 15 ہزار تک افراد کی شرکت کی صورت میں بھی پنڈال میں گنجائش موجود ہوگی۔ شہریوں کی سہولت کے لیے میڈیکل کیمپس قائم کیے جائیں گے اور خصوصی طور پر معذور افراد کے لیے ضرورت پڑنے پر وہیل چیئرز بھی فراہم کی جائیں گی۔
سی ڈی اے اور آئی سی ٹی انتظامیہ نے ’’اسلام آباد سٹی پریڈ 2026‘‘ کو دارالحکومت کی تاریخ کے بڑے عوامی اجتماعات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم آزادی کی تقریبات میں بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کریں۔




