کالعدم ایکشن کمیٹی نے الیکشن ڈیوٹی پر آئے 8 پولیس اہلکار اغوا کررکھے ہیں،ایس ایس پی خاور علی شوکت

ترجمان آزاد جموں و کشمیر پولیس ایس ایس پی خاور علی شوکت نے انکشاف کیا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے الیکشن ڈیوٹی پر آئے 8 ہائی وے پولیس اہلکاروں کو اغوا کر رکھا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کالعدم کمیٹی نے سکیورٹی فورسز پر حملے کئے، کمیٹی ریاست اور ریاستی نظام کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے اور اس نے بچوں اور عوام کو ڈھال بنا رکھا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہنزہ ، چپورسن میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 4.8 ریکارڈ ،لینڈ سلائیڈنگ ،متعدد مکانات کو نقصان

ان کا کہنا تھا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کسی مخصوص ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ، جہاں جہاں ریاستی رٹ کو چیلنج کیا جائے گا، وہاں ریاست قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم کمیٹی نے 8 ہائی وے پولیس اہلکاروں کو اغوا کر کے ان پر تشدد کیا اور ان کے اہل خانہ کو دھمکیاں بھی دیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی یہ روش گزشتہ چار سالوں سے ہے ، یہ پرتشدد انتشاری گروہ ہے ، ان کا مقصد ریاستی امن کو برباد کرنا اور ریاستی اداروں کو کمزور کرنا ہے۔ تشدد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ریاست نہ تو پہلے کمزور تھی نہ اب کمزور ہے، ریاست کے تحمل کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حویلی: الیکشن نتائج کیخلاف محسن عزیز،طارق سعید کے سپورٹرز سڑکوں پرآگئے

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو مسترد کرتے ہوئے انتخابات کے ذریعے جمہوری راستہ اختیار کیا اور اپنے نمائندوں کا انتخاب کیا، جس سے نہ صرف ریاستی رٹ بحال ہوئی بلکہ شفاف انتخابات کا عمل بھی مکمل ہوا۔

ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے کہا ان کی شرانگیزی سب کے سامنے ہے، ریاست پہلے کمزور تھی نہ اب ہے، نظام کو مفلوج کرنے کی کوشش کی گئی تو ریاست آئینی ذمہ داری پوری کرے گی۔ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے یرغمال بنائے گئے اہلکاروں کو فوری رہا کرنے کا بھی مطالبہ ۔