فتنہ الہندوستان

بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3: انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں 15 خوارج جہنم واصل

کوئٹہ: آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 15 خوارج کو جہنم واصل کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مستونگ، بولان، واشک، آواران، سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی میں خوارج کے ٹھکانوں کے خلاف متعدد کامیاب کارروائیاں انجام دیں۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں نہ صرف 15 خوارج مارے گئے بلکہ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

خوارج کے نیٹ ورک کو شدید نقصان:

سیکیورٹی فورسز کی ان بروقت اور مؤثر کارروائیوں کے باعث خوارج کے نیٹ ورک کو انتہائی شدید نقصان پہنچا ہے اور خطے میں ان کی نقل و حرکت مکمل طور پر محدود کر دی گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ‘آپریشن ردالفتنہ 3’ کے تحت یہ آپریشنز بغیر کسی تعطل کے جاری رکھے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، پاک فوج کے کپتان شہید، 7 خوارج ہلاک

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خراجِ تحسین:

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی ان کامیاب کارروائیوں پر جوانوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بروقت اقدام کر کے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف برسرِ پیکار سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم کی تمام تر حمایت اور تعاون سے بلوچستان کی سر زمین سے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا مکمل قلع قمع کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: وانا میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، خودکش حملے کی بڑی کوشش ناکام، ایک خارجی ہلاک