آن لائن اسٹور پر 75 کروڑ روپے کے جعلی آرڈرز دے کر منسوخ کرنے والی جاپانی خاتون گرفتار

ٹوکیو پولیس نے ایک 32 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر ایک معروف آن لائن اسٹور پر بڑی تعداد میں جعلی آرڈرز دینے اور بعد میں انہیں مسلسل منسوخ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ جاپانی خاتون نے 2 ہزار سے زائد جعلی آرڈرز دے کر کمپنی کو بھاری مالی نقصان پہنچایا۔

جاپانی میڈیا کے مطابق مایو یوشیڈا نامی اس خاتون نے جعلی ناموں اور تقریباً 230 فرضی اکاؤنٹس کا استعمال کرتے ہوئے جاپان کی مشہور اینیمے کمپنی شوئیشا (Shueisha) کے آن لائن اسٹور سے 2 ہزار سے زائد جعلی آرڈرز کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: چیٹ جی پی ٹی اب بنا آپ کا نیا آن لائن اسٹور ، نیا فیچر متعارف

2.7 ملین ڈالر مالیت کے آرڈرز اور فراڈ کا طریقہ:

رپورٹس کے مطابق خاتون نے ‘ناروٹو’ (Naruto) اور ‘ون پیس’ (One Piece) سمیت عالمی شہرت یافتہ اینیمے سیریز سے متعلق کھلونوں اور دیگر مصنوعات کے تقریباً 4.3 بلین ین (تقریباً 2.7 ملین امریکی ڈالر یا پاکستانی 75 کروڑ روپے سے زائد) مالیت کے آرڈرز درج کیے۔

خاتون تمام آرڈرز کے لیے ‘کیش آن ڈیلیوری’ (COD) کا طریقہ انتخاب کرتی تھی۔ جب سامان ان کے دیے گئے پتے پر پہنچتا تو وہ وصولی اور ادائیگی سے صاف انکار کر دیتی تھیں، جبکہ بعض اوقات وہ سامان روانہ ہونے سے قبل ہی آرڈر منسوخ کر دیا کرتی تھیں۔

کمپنی کا مالی نقصان اور پولیس تحقیقات:

خاتون کے اس مسلسل عمل کے باعث کمپنی کو بار بار سامان کی منتقلی اور کورئیر کے بھاری اخراجات برداشت کرنا پڑے۔ جاپانی میڈیا کے مطابق اس من گھڑت کارروائی کی وجہ سے اینیمے کمپنی کو تقریباً 47 ہزار 500 امریکی ڈالر کا براہِ راست نقصان اٹھانا پڑا۔

مزید پڑھیں: جاپانیوں نے کپڑوں میں اے سی لگوا لیے، دفتری ملازمین کے لیے حیرت انگیز ایجاد متعارف

ٹوکیو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ مایو یوشیڈا کو گرفتار کر لیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔