لوئر جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی ایک بہت بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق اس کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران ایک خارجی دہشت گرد ہلاک جبکہ 5 دیگر زخمی ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے ذریعے وانا اور اس کے قریبی علاقوں کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران بارود سے بھری ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، جو کہ ایک بڑے خودکش حملے کے لیے استعمال کی جانی تھی۔
تین روز تک مسلسل نگرانی اور پیشہ ورانہ مہارت:
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے بارود سے بھری اس خودکش گاڑی کو مسلسل تین روز تک کڑی نگرانی میں رکھا۔ سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس گاڑی کو صرف اسی وقت نشانہ بنایا جب وہ رہائشی اور گنجان آباد علاقے سے دور چلی گئی، تاکہ معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن؛ خوارج کے خفیہ ٹھکانے اور اسلحہ ڈپو تباہ، کلیئرنس آپریشن جاری
وزیر داخلہ محسن نقوی کا خراجِ تحسین:
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردی کی اس بڑی کوشش کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے ذریعے وانا اور اس کے گردونواح کی آبادی کو ممکنہ تباہی سے بچایا ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے حملے سے ٹھیک پہلے بارود سے لدی گاڑی اور موٹر سائیکل کو انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ تباہ کر کے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔




