آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات: تیسرا مرحلہ کل، باغ اور حویلی میں کاٹنے کا مقابلہ متوقع

مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے پولنگ کل (10 اگست) کو ہو گی۔ پونچھ ڈویژن کے 2 اضلاع کے 4 انتخابی حلقوں میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جبکہ ان نشستوں پر مجموعی طور پر 82 امیدوار میدان میں موجود ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی و سیکیورٹی عملہ اور پولنگ میٹریل آج شام تک تمام متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر منتقل کر دیا جائے گا۔ کل ہونے والی پولنگ میں ضلع باغ کے تین اور ضلع حویلی کا ایک انتخابی حلقہ شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم میں انتخابات مکمل، شاہ غلام قادر اور میاں عبدالوحید کی کامیابی، تجارتی مراکز کھلے ہیں

ضلع حویلی میں اہم مقابلہ اور انتخابی مہم کا اختتام:

ضلع حویلی میں انتخابی معرکہ انتہائی دلچسپ اور کاٹنے کا مقابلہ ثابت ہونے کا امکان ہے، جہاں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، سابق ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید اور مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار محسن عزیز کے درمیان سخت رقابت متوقع ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے مطابق ضلع باغ اور حویلی میں انتخابی مہم گزشتہ رات 12 بجے باقاعدہ ختم ہو چکی ہے۔ مقررہ وقت کا اختتام ہوتے ہی ہر قسم کی انتخابی سرگرمی، جلسے اور جلوسوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

سیکیورٹی اقدامات اور چیف الیکشن کمشنر کا بیان:

آزاد جموں وکشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سیکیورٹی وجوہات اور حالات کے پیشِ نظر باغ اور حویلی کی چار نشستوں پر پہلے انتخابی عمل مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے سات روز میں راولاکوٹ اور سدھنوتی کے لیے بھی انتخابی تاریخ کا اعلان کیا جا سکتا ہے، تاہم امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے کے لیے مناسب وقت فراہم کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کا بھارت کے متبادل کے طور پر پاکستان سے رجوع، اہم امور جلد طے پا جائیں گے، بنگلہ دیشی ہائی کمشنر