وفاقی حکومت سے مذاکرات ناکام ہونے پر گڈز ٹرانسپورٹرز نے آج ہفتہ سے غیرمعینہ مدت کیلئے ہڑتال کا اعلان کردیا۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان کے مطابق جمعے کو وفاقی حکومت اور سندھ حکومت سے ہونے والے مذاکرات ناکام ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈیزل روزانہ مہنگا ہونے کے آفٹرشاکس، ٹرانسپورٹرز نے کرائے بڑھا دیئے
وفاقی حکومت اور سندھ حکومت سنجیدہ نہیں ہیں ہم اپنے ملک گیر ہڑتال کے فیصلے پر قائم ہیں،آج بروز ہفتہ 8 اگست سے ملک گیر ہڑتال کر رہے ہیں جو غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے وزیر مواصلات سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اور آئی جی موٹروے مذاکرات میں شامل تھے۔
سندھ حکومت کی جانب سے کمشنر کراچی سیکرٹری ٹرانسپورٹ سیکرٹری ایکسائز،ڈی آئی ٹریفک،ڈی آئی ڈرائیونگ لائسنس،پی ٹی اے اور آر ٹی اے سیکرٹریز مذاکرات میں موجود تھے، تاہم وفاقی وصوبائی حکومتوں سے ملاقاتوں میں گڈزٹرانسپورٹرزکے دیرینہ مطالبات کا حل تلاش نہیں کیا جاسکا۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ مطالبات کا حل تلاش نہ کیے جانے پر آج سے غیر معینہ مدت تک ملک گیر ہڑتال پر جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل روزانہ پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں کے تعین پر پیٹرول پمپ مالکان نے بھی ہڑتال کا اعلان کیا تھا لیکن حکومت نے مذاکرات کے بعدان سے ہڑتال موخر کردی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:امیر جماعت اسلامی کا کل 7اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان
گڈز ٹرانسپورٹرز کا بھی کہنا ہے روزانہ پیٹرولیم مصنوعات کے تعین سے مشکلات کا شکار ہیں ، ہم تنگ آگئے ہیں اور گاڑیاں کھڑی کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچا۔
گزشتہ روز جماعت اسلامی نے بھی مہنگی پیٹرولیم مصنوعات کیخلاف ملک گیر احتجاج کیا تھا اور سڑکوں پر احتجاجی دھرنے دیئے گئے تھے ،یوم ٹرانسپورٹرز کے احتجاج پر حکومت پر دبائو مزید بڑھنے کا امکان ہے۔




