حویلی میں ن لیگ کا بڑا پاور شو،پیپلز پارٹی نے شکست پر دھاندلی کا بیانیہ اپنایا، رانا ثنااللہ

آزاد کشمیر کے حلقہ LA-17 حویلی میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محسن عزیز کے حق میں بڑے انتخابی جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس سے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے خطاب کیا۔حویلی میں مسلم لیگ(ن)کے بھرپور پاور شوکے بعد سیاسی مبصرین وزیراعظم فیصل راٹھور کی سیٹ کو خطرے میں دیکھ رہے ہیں۔

جلسے میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں، رہنماؤں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ جلسہ گاہ ’پاکستان زندہ باد‘ اور ’کشمیر بنے گا پاکستان‘ کے نعروں سے گونجتی رہی۔

یہ بھی پڑھیں:ن لیگ کا 10سیٹیں جیب میں رکھنے کا بیان شفاف الیکشن پر سوالیہ نشان، بلاول بھٹو

جلسہ گاہ آمد پر چوہدری محسن عزیز نے رانا ثناء اللہ اور انجینئرامیر مقام کا پرتپاک استقبال کیا۔ مقررین نے جلسے کو تیسرے مرحلے کی انتخابی مہم کا بڑا سیاسی پاور شو قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی بھرپور شرکت مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار ہے۔

رانا ثنا اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حویلی کا تاریخی جلسہ کشمیری عوام کی پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘ کے نعروں نے کشمیری عوام کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو کمزور نہیں کر سکے، جبکہ پاکستان کی مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو مؤثر جواب دیا۔

رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے 2 مراحل میں واضح اکثریت حاصل کر چکی ہے اور حکومت سازی کے لیے درکار 23 نشستوں کے مقابلے میں پارٹی کے پاس 24 نشستیں موجود ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے ووٹ کی طاقت سے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور مظفرآباد اور میرپور کے بعد حویلی بھی مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہونے سے آزاد کشمیر کی ترقی مزید تیز ہوگی، نواز شریف ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں گے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پنجاب طرز کے ترقیاتی منصوبے آزاد کشمیر میں بھی متعارف کرائیں گی۔

انہوں نے حاضرین تک مریم نواز کا سلام پہنچاتے ہوئے بتایا کہ وہ جلد حویلی آ کر عوام کا شکریہ ادا کریں گی۔

رانا ثنا اللہ نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات منعقد ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:مسلح جتھوں نے مظفرآباد پر چڑھائی کی تو ہر طریقے سے روکا جائیگا، رانا ثنا اللہ

ان کے بقول پیپلز پارٹی نے شکست واضح ہونے پر دھاندلی کا بیانیہ اپنایا، تاہم کسی کے پاس دھاندلی کے ثبوت نہیں ہیں اور نہ ہی کسی کو انتخابات میں دھاندلی کی طاقت یا گنجائش حاصل ہے۔

وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ حویلی ان کا دوسرا گھر ہے اور یہاں کے عوام سے ان کا تعلق محبت اور اعتماد پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ عوام کو پیشگی مبارکباد دینے آئے ہیں کیونکہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ چکی ہے، جبکہ 10 اگست کے بعد چوہدری محسن عزیز عوام کے وزیر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔ ان کے مطابق نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز نے بھی اہلیان حویلی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے۔

امیر مقام نے کہا کہ عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کا انتخاب کیا ہے اور پیپلز پارٹی کی جانب سے عوام کو سبز باغ دکھانے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اپنی عوامی مقبولیت میں کمی کی وجوہات کا جائزہ لینا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام حکومت پاکستان کا قومی فلاحی منصوبہ ہے، کسی سیاسی جماعت یا فرد کی ذاتی ملکیت نہیں، اور مستحق افراد کو بلاامتیاز سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

وفاقی وزیر نے راولاکوٹ دھرنے کے شرکا کو جمہوری عمل میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ چند ہزار افراد کا اجتماع عوامی مینڈیٹ پر غالب نہیں آ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا فیصلہ صرف ووٹ سے ہوتا ہے، دھرنوں سے نہیں اور ایسے احتجاج پونچھ ڈویژن کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

امیر مقام نے لائن آف کنٹرول کے عوام کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سراہا اور اعلان کیا کہ ایل او سی کے علاقوں میں سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن:10اگست کو حویلی، باغ میں عام تعطیل کا اعلان،نوٹیفکیشن جاری

انہوں نے قومی سلامتی پر کسی قسم کے سمجھوتے کو مسترد کرتے ہوئے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ(ن) کے امیدوار چوہدری محسن عزیز کے مدمقابل پیپلزپارٹی کے امیدوار وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور ہیں اور پیپلزپارٹی کے ہی رہنماخواجہ طارق سعید آزادالیکشن لڑ رہے ہیں ، یہاں چوہدری محسن عزیز کی پوزیشن مستحکم دکھائی دی جا رہی ہے۔