کرایوں

ڈیزل روزانہ مہنگا ہونے کے آفٹرشاکس، ٹرانسپورٹرز نے کرائے بڑھا دیئے

گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ، بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش مالی دباؤ کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول 4 روپے93پیسے ،ڈیزل 7روپے 15پیسے فی لیٹر مہنگا، نوٹیفکیشن جاری

اعلامیے کے مطابق نئے کرایوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور تمام مال بردار گاڑیوں کے مالکان، ٹرانسپورٹرز اور فریٹ آپریٹرز نئی شرح کے مطابق کرایے وصول کریں گے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں پرانے نرخوں پر ٹرانسپورٹ کا کاروبار جاری رکھنا انتہائی مشکل ہو چکا تھا۔

گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق صرف ایندھن ہی نہیں بلکہ گاڑیوں کی دیکھ بھال، ٹائرز، اسپیئر پارٹس، انجن آئل، ورکشاپ اخراجات، ڈرائیوروں اور دیگر عملے کی تنخواہوں سمیت تقریباً تمام آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث کرایوں پر نظرثانی کرنا ناگزیر ہوگیا۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کرایوں میں صرف پانچ فیصد اضافہ موجودہ اخراجات کے مقابلے میں انتہائی محدود ہے تاہم اس فیصلے کا مقصد ٹرانسپورٹرز کو بڑھتی ہوئی مالی مشکلات سے نکالنا اور مال برداری کے نظام کو بلا تعطل جاری رکھنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت سے مذاکرات ناکام، پمپس مالکان کا غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا اعلان

ٹرانسپورٹ سیکٹر سے وابستہ حلقوں کے مطابق کرایوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں صنعتی خام مال، زرعی اجناس، اشیائے خورونوش اور دیگر تجارتی سامان کی ترسیل کی لاگت میں بھی اضافہ متوقع ہےجس کے اثرات مختلف کاروباری شعبوں اور سپلائی چین پر پڑ سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایندھن اور دیگر آپریشنل اخراجات میں مزید اضافہ ہوا تو مستقبل میں کرایوں پر دوبارہ نظرثانی بھی کی جا سکتی ہےتاہم فی الحال پانچ فیصد اضافے کے فیصلے پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔