حلقہ کوٹلہ ،سردار تبارک کو بڑا جھٹکا، سردار تنویر الیاس کا انتخابی مہم میں شرکت سے انکار

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)استحکام پاکستان پارٹی آزادکشمیر شدید مشکلات کا شکار ہوگئی ،پارٹی کے حصے بخرے ہونے سے کارکنان مایوسی سے دوچار ہوگئے ۔

وادی کوٹلہحلقہ نمبر ون میں استحکام پاکستان پارٹی کے اندر اختلافات کھل کر سامنے آگئے ۔ صدر استحکام پاکستان سردار تنویر الیاس نے حلقہ کوٹلہ میں سردار تبارک کی الیکشن مہم میں شرکت سے انکار کردیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات 2026: مہاجرین کی 10 نشستیں ن لیگ کے نام، مجموعی برتری برقرار

ذرائع کے مطابق پارٹی صدر کی جانب سے انتخابات کے بائیکاٹ کے اعلان کے باوجود حلقہ ایک سے سردار تبارک انتخابی میدان چھوڑنے کیلئے تیار نہیں اور بھرپور انتخابی مہم جاری رکھنے کیلئے ڈٹ گئے۔

ادھر سیاسی حلقوں میں یہ دعوے بھی گردش کر رہے ہیں کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی رہنما سردار تنویر الیاس نے سردار تبارک کی انتخابی مہم کا حصہ بننے سے معذرت کر لی ۔

سردار تنویر الیاس کے سردار تبارک کی انتخابی مہم میں شرکت سے انکار کے بعد پارٹی میں اختلافات مزید بڑھ گئے، پارٹی کارکن پارٹی صدر کے رویہ سے کافی نالاں اور تذبذب کا شکار ہوچکے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفر آباد: حلقہ نمبر ایک وادی کوٹلہ میں ن لیگ کی نورین عارف کی پوزیشن انتہائی مضبوط

سیاسی مبصرین کے مطابق اگر پارٹی کے اندر یہی صورتحال برقرار رہی تو اس کے اثرات نہ صرف استحکام پاکستان پارٹی بلکہ حلقہ نمبر ایک کے مجموعی انتخابی منظرنامے پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں پارٹی قیادت اس صورتحال سے کیسے نمٹتی ہے اور ووٹر کس کے حق میں فیصلہ دیتے ہیں۔