مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل): آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن اور پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کے انتخابی حلقوں میں پولنگ کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ انتخابی عمل کے دوران مظفرآباد کے ایک انتخابی حلقے کے علاوہ ایک حلقے کی تین یونین کونسلوں کے 55 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ مؤخر کی گئی تھی، جہاں اب 4 اگست کو پولنگ ہوگی۔
دستیاب نتائج کے مطابق پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں میں سے 10 پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب قرار پائے، جبکہ 2 نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔
دوسری جانب مظفرآباد ڈویژن کے 9 انتخابی حلقوں میں سے 7 حلقوں میں پولنگ مکمل ہوئی، جن کے نتائج کے مطابق 4 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی، جبکہ 3 نشستیں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے حصے میں آئیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر الیکشن کا دوسرا مرحلہ: مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی، 20 میں سے 14 نشستیں اپنے نام کر لیں
مظفرآباد ڈویژن میں مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدواروں میں راجہ محمد فاروق حیدر خان، شاہ غلام قادر، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی اور راجہ ثاقب مجید شامل ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے میاں عبدالوحید، دیوان علی چغتائی اور سردار مختار عباسی کامیاب امیدواروں میں شامل ہیں۔
حلقہ ایل اے-28 مظفرآباد-2 لچھراٹ میں انتخابی صورتحال بدستور غیر حتمی ہے۔ دستیاب نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار بازل نقوی کو مدمقابل امیدوار چوہدری شہزاد پر صرف 5 ووٹوں کی برتری حاصل ہے، تاہم حلقے کے 55 پولنگ اسٹیشنوں پر 4 اگست کو پولنگ ہوگی۔ ان پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ اور بعد ازاں نتائج کے اعلان کے بعد ہی حلقے کے حتمی نتیجے کا تعین ہوسکے گا۔
دوسرے مرحلے کے نتائج نے مجموعی طور پر آزاد کشمیر کی انتخابی سیاست میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نمایاں برتری کو واضح کردیا ہے، جبکہ مظفرآباد ڈویژن میں پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی متعدد نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے اپنی سیاسی موجودگی برقرار رکھی ہے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں میں سے 9 نشستیں مسلم لیگ (ن) جبکہ 4 نشستیں پاکستان پیپلز پارٹی نے حاصل کی تھیں۔
دوسرے مرحلے کے نتائج اور پہلے مرحلے میں حاصل ہونے والی نشستوں کو ملا کر اب تک مسلم لیگ (ن) کے پاس 23 نشستیں آچکی ہیں۔ تاہم انتخابی عمل ابھی مکمل نہیں ہوا۔ پونچھ ڈویژن کی 11 جبکہ مظفرآباد ڈویژن کی 2 نشستوں پر انتخابات ہونا باقی ہیں۔
موجودہ انتخابی صورتحال میں مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہے اور پارٹی بظاہر سنگل پارٹی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکی ہے۔ تاہم حکومت سازی کی حتمی پوزیشن کا تعین باقی ماندہ نشستوں پر انتخابات، نتائج اور مخصوص نشستوں سمیت تمام آئینی و قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد ہی ہوگا۔
4 اگست کو باقی ماندہ پولنگ کے بعد مظفرآباد ڈویژن کی صورتحال مزید واضح ہوگی، جبکہ پونچھ ڈویژن کے انتخابات کے بعد آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت سازی کے لیے سیاسی منظرنامہ مکمل طور پر سامنے آجائے گا۔




