مظفرآباد تصادم سے کوئی تعلق نہیں، بلاول کادھاندلی کا الزام بے بنیاد، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)سینیٹر رانا ثناء اللہ اور وزیرامور کشمیر انجینئر امیر مقام نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے بلاول بھٹو کو غلط معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج انتخابی عمل کے دوران صرف تین واقعات پیش آئے، جن میں ایک واقعہ صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر کے پولنگ اسٹیشن پر پیش آنے والی تلخ کلامی کا تھا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد ڈویژن کی 8 نشستوں کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری، ن لیگ کے مصطفی بشیر کامیاب

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اسے قاتلانہ حملہ قرار دیا تاہم ان کے مطابق چوہدری لطیف اکبر پر حملہ ذاتی تنازعے کا نتیجہ تھا اور ان کا مخالف فریق سے دو سے ڈھائی سال سے اختلاف چلا آ رہا ہے۔

سینیٹر رانا ثناء اللہ نے مشتاق احمد کے حوالے سے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے کارکن نہیں تھے، ان کے بقول مشتاق احمد کو مبینہ طور پر ان کے بھانجے نے دھکا دیا تھا، انہیں گولی نہیں لگی، اور گھر پہنچنے کے بعد انہیں دل کا دورہ پڑا۔

سینیٹر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر الیکشن پرامن طریقے سے منعقد ہوئے ، پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہو چکا ۔ شام 6 بجے تک پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود تمام ووٹرز کو اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مظفرآباد ڈویژن میں ووٹنگ کیلئے ایک گھنٹے کا اضافی وقت بھی دیا گیا جبکہ پیپلز پارٹی نے میرپور ڈویژن میں انتخابی نتائج مکمل ہونے تک کسی قسم کا اعتراض نہیں اٹھایا۔ ان کے بقول بعد میں پیپلز پارٹی نے صرف میرپور ڈویژن کی دو نشستوں پر دھاندلی کے الزامات عائد کیے۔

انہوں نے بلاول بھٹو سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ انہیں غلط معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کے الفاظ میں، “بلاول بھٹو صاحب، آپ پڑھے لکھے ہیں، آپ کو بہت آگے جانا ہے، گمراہ نہ ہوں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزارت اطلاعات ونشریات نے مظفرآباد میں الجزیرہ کی اسکرپٹڈ رپورٹنگ کا نوٹس لے لیا

وفاقی وزیر” رانا ثناء اللہ نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ سندھ سے تعلق رکھنے والا ایک رکن قومی اسمبلی آزاد کشمیر میں کیا کرنے گیا تھا۔سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا موجودہ رویہ افسوسناک ہے۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے صدر آزاد جموں و کشمیر چودھری لطیف اکبر پر حملے اور حلقہ ایل اے 31 میں پیپلز پارٹی کے کارکن مشتاق شاہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ باوقار اور اصولی سیاست کی علامت چودھری لطیف اکبر پر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کے انتہا پسند عناصر کا حملہ انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری لطیف اکبر پر حملے کے بعد اسی حلقے ایل اے 31 میں ان کے کارکن مشتاق شاہ کو شہید کر دیا گیا۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے مقتول کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے صدرِ ریاست پر حملہ اور پھر پارٹی کارکن کی شہادت سے مسلم لیگ (ن) کی نیت واضح ہو گئی ہے۔