بارشوں

آزاد کشمیر ،بارشوں کی تباہ کاریاں، 3 افراد جاں بحق، 212 مکانات متاثر

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے بارشوں کے تیسرے اسپیل کی 14ویں رپورٹ جاری کر دی ۔

رپورٹ کے مطابق یکم جولائی سے اب تک بارشوں سے مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 بچے زخمی ہوئے ہیں ،بارشوں سے مجموعی طور پر 58 مکانات مکمل طور پر تباہ اور 154 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے، یوں متاثرہ مکانات کی مجموعی تعداد 212 ہو گئی ہے۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق نیلم، مظفرآباد، جہلم ویلی، باغ، سدھنوتی، کوٹلی اور میرپور اضلاع میں جانی و مالی نقصان رپورٹ ہوا ہے۔ مظفرآباد میں 2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 3 مرد، 3 خواتین اور ایک بچہ زخمی ہوئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آنے والا مون سون شدید ہو سکتا ہے،ڈائریکٹر جنرل ایس ڈی ایم اے نے خبر دار کر دیا!

ضلع میں 24 مکانات متاثر ہوئے، 2 گاڑیاں سیلابی ریلے کی نذر ہوئیں اور تقریباً 40 کلومیٹر سڑکوں کو نقصان پہنچا۔ باغ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع رہا، جہاں 28 مکانات مکمل اور 83 مکانات جزوی طور پر تباہ ہوئے، جبکہ متعدد دکانیں اور مویشی بھی بارشوں سے متاثر ہوئے۔

جہلم ویلی میں موسلادھار بارش کے باعث مزید 4 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔نیلم میں ایک مسجد مکمل طور پر تباہ ہو گئی، 2 اسکولوں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 16 پیدل پل سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے متعدد رابطہ سڑکیں، آبپاشی کی نہریں بھی متاثر ہوئی ہیں، تاہم آزاد کشمیر کی تمام مرکزی شاہراہیں ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھلی ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:گرم موسم: گلیشئرپگھلنے ،بادل پھٹنے سے طغیانی کا خدشہ، ایس ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

ادھر ایس ڈی ایم اے نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر میں گرج چمک کیساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔