میرپور: چند روز سے لاپتہ نوجوان کی لاش سکھیاں بند سے برآمد

میرپور کے علاقے نکہ گاؤں کے رہائشی اور گزشتہ چند روز سے لاپتہ نوجوان وقاص ولد اسلم احمد کی لاش سکھیاں بند، آصفہ بھٹو پارک کے قریب سے برآمد ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق سکھیاں بند کے قریب ایک لاش دیکھے جانے کی اطلاع موصول ہونے پر پاونڈہ واٹر ریسکیو ٹیم، ریسکیو 1122 میرپور اور پولیس تھانہ سٹی میرپور کی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاش کو پانی سے باہر نکالا۔

یہ بھی پڑھیں: تھانہ سٹی میرپور پولیس کی بڑی کارروائی، راولاکوٹ (JAAC) کے لیے بھیجی جانے والی اسلحے کی بڑی کھیپ ناکام

ابتدائی معائنہ اور قانونی کارروائی کا آغاز:

ابتدائی معائنے کے دوران یہ لرزہ خیز انکشاف سامنے آیا کہ لاش کے ساتھ دو بلاک بندھے ہوئے تھے۔ پاونڈہ واٹر ریسکیو اور ریسکیو 1122 میرپور نے مشترکہ کارروائی کے بعد لاش کو تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی اصل وجوہات اور موت کے محرکات کا حتمی تعین مکمل تحقیقات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی ہو سکے گا۔