اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 5 اگست تک ملک بھرکیلئے مون سون الرٹ جاری کرتے ہوئے شدید بارشوں، فلیش فلڈ، شہری سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے آگاہ کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان، پنجاب اور سندھ میں وقفے وقفے سے بارش اور کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
شدید بارشوں کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور گلیشیائی علاقوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہو سکتی ہے، جس سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
گلگت بلتستان کے اضلاع ہنزہ، نگر، گلگت، غذر، تانگیر، داریل، دیامر، گانچھے، شگر، یاسین، روندو، اسکردو، استور اور گوپس یاسین میں شدید بارشوں اور گلیشیئر پگھلنے کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، بنوں، لکی مروت، کرم، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، باجوڑ اور مہمند کے پہاڑی ندی نالوں میں فلیش فلڈ کا خطرہ ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دریاؤں میں سیلابی صورتحال،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
آزاد کشمیر میں مظفرآباد، وادی نیلم، باغ، حویلی، پونچھ، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، ہٹیاں بالا اور میرپور میں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے اضلاع ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، ہرنائی، سبی، کوہلو، قلعہ سیف اللہ، پشین، کوئٹہ، مستونگ، جھل مگسی، نصیر آباد، آواران، لسبیلہ، قلات اور خضدار میں موسلادھار بارشوں کے باعث برساتی ندی نالوں میں فلیش فلڈ کا خدشہ ہے۔
پنجاب میں بھی وسیع پیمانے پر بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ سیالکوٹ، نارووال، چکوال، گجرات، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مری اور گلیات میں پہاڑی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، چکوال، سرگودھا، ساہیوال اور شیخوپورہ کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا بھی خدشہ ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ملک میں مزید بارشوں کی پیش گوئی، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں اور برساتی ندی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں اور سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔



