محکمہ موسمیات کی پیشگوئی، ملک بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے. محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ بھی ویک اینڈ کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو کہ 14 ستمبر (پیر) سے مزید بڑھ جائے گا.

اس نئے موسمی نظام کے زیر اثر ملک کے مختلف حصوں میں متوقع بارشوں کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

مختلف صوبوں اور علاقوں میں بارش کی صورتحال:

کشمیر: کشمیر میں آج سے 17 ستمبر کے دوران وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے.

اسلام آباد اور پنجاب: اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش متوقع ہے. اس کے علاوہ 14 ستمبر (شام یا رات) سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے.

خیبر پختونخوا: خیبر پختونخوا میں آج سے17 ستمبر کے دوران پشاور، دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، ہنگو، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، گرج چمک، موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے.

یہ بھی پڑھیں: کشمیر، گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں پر بارش ،پنجاب گرم رہنے کا امکان

گلگت بلتستان: گلگت بلتستان میں آج سے 17 ستمبر کے دوران دیامر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر درمیانی سے موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے.

سندھ اور بلوچستان: سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم آج سے 16 ستمبر کے دوران سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، ٹھٹہ، بدین، کراچی اور گردونواح میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، گرج چمک اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے. اسی طرح بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ آج سے 16 ستمبر کے دوران ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے.

ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر:

موسلا دھار بارشوں کے باعث 14 سے 17 ستمبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا اندیشہ ہے. اس دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد اور راولپنڈی کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے.

خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے. پیشگوئی کے دوران درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے. سیاحوں، مسافروں اور کسان حضرات کو احتیاط برتنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور زرعی سرگرمیوں کی مناسب منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں.