نشانِ امتیاز

صدر مملکت نے جنرل سید عامر رضا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) عطا کرنے کی منظوری دیدی

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا کی غیر معمولی عسکری خدمات کے اعتراف میں انہیں اعلیٰ ترین فوجی اعزاز  نشانِ امتیاز (ملٹری)عطا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ایوانِ صدر کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق صدرِ مملکت نے آئینِ پاکستان کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا کیلئے  اس باوقار فوجی اعزاز کی منظوری دی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنرل عامر رضا نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران قومی دفاع، عسکری منصوبہ بندی اور ملکی سلامتی کیلئے نمایاں خدمات انجام دیں، جن کے اعتراف میں انہیں یہ اعزاز دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں وزیراعظم شہباز شریف نے اس وقت کے چیف آف جنرل اسٹاف، لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا، ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارۂ بسالت، کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دی تھی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے سید عامر رضا کون ہیں؟

ترقی کے بعد انہیں پاکستان کی نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کا کمانڈر مقرر کیا گیا، جہاں وہ ملک کے اسٹریٹجک امور اور قومی سلامتی سے متعلق اہم ذمہ داریوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

جنرل سید عامر رضا کی تقرری کو ملکی دفاعی ڈھانچے میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا گیا تھا۔ ان کے وسیع عسکری تجربے، قائدانہ صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اس اہم منصب کی ذمہ داری سونپی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل سید عامر رضا کو ترقی اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی تھی۔

وزیراعظم نے ان کیلئےنیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں یقین ہے جنرل عامر رضا اپنی پیشہ ورانہ مہارت، تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں سے قومی دفاع کو مزید مضبوط بنانے اور نئی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم نے لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار کے جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی

نشانِ امتیاز (ملٹری) پاکستان کا اعلیٰ فوجی اعزاز ہے جو مسلح افواج کے ان افسران کو عطا کیا جاتا ہے جنہوں نے قومی دفاع اور عسکری خدمات کے میدان میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہو۔