مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے کیلئے انتخابی سرگرمیاں اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن آف آزاد جموں و کشمیر نے اعلان کیا ہے کہ انتخابی مہم آج 31 جولائی اور یکم اگست کی درمیانی شب 12 بجے باضابطہ طور پر ختم ہو جائے گی۔
مقررہ وقت کے بعد کسی بھی قسم کی انتخابی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی اور انتخابی قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 9 قانون ساز اسمبلی کے حلقوں اور پاکستان میں مقیم مہاجرین کے 12 حلقوں میں 2 اگست کو پولنگ ہوگی۔
پولنگ کے تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ ووٹرز کو پرامن، منظم اور شفاف ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد جلسے، جلوس، ریلیاں، کارنر میٹنگز اور دیگر عوامی انتخابی اجتماعات کے انعقاد پر مکمل پابندی ہوگی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات : ایم کیو ایم پاکستان کا مسلم لیگ ن کی مکمل حمایت کا اعلان
اسی طرح مقررہ وقت کے بعد کسی اُمیدوار، سیاسی جماعت یا کارکن کو انتخابی اجتماع منعقد کرنے یا اس میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ان ہدایات کا مقصد ووٹنگ کے عمل کو غیر جانبدار اور ضابطہ اخلاق کے مطابق یقینی بنانا ہے۔
الیکشن کمیشن نے تمام اُمیدواروں، سیاسی جماعتوں، انتخابی نمائندوں اور کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابی قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کریں۔
کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آزاد، منصفانہ، شفاف اور پرامن انتخابات کا انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے۔
اس مقصد کے حصول کیلئے تمام سیاسی جماعتوں، اُمیدواروں، کارکنان اور ووٹرز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتخابی عمل کے دوران ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات،الیکشن کمیشن نے میڈیا کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا
قانون کی پاسداری کریں اور پرامن ماحول برقرار رکھنے میں بھرپور تعاون کریں تاکہ انتخابی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔




