اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان اورکویت دفاعی تعاون کے معاہدے 2023کی توثیق کے حوالے سے ترجمان وزارت خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان اورکویت کے مابین دفاعی تعاون کے معاہدے کی حالیہ توثیق کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دفاعی شراکت داری میں ایک اور اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے، جو 1980 کی دہائی کے اوائل سے شروع ہوا تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر اسمبلی اجلاس، بھارتی اقدام کی مذمت، پونچھ کے حالات پر ٹروتھ اینڈ ریکنسیلی ایشن کمیشن کا مطالبہ
طاہراندرابی کا کہنا تھا کہ یہ دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور اپنی سیکورٹی پارٹنرشپ کو بلند کرنے کیلئے دونوں فریقوں کے مشترکہ عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دفاعی تعاون کو وسعت دینے، فوجی تربیت اور تعلیم، مشترکہ مشقوں، مہارت کے تبادلے اور تعاون کے دیگر باہمی متفقہ شعبوں پر مشتمل ایک جامع ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرتا ہے۔
یہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید فروغ دے گا اور پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات کو مستحکم کرے گا۔
پاکستان اور کویت اس کی دفعات کے مطابق معاہدے پر عملدرآمد کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے، اس طرح دوطرفہ دفاعی تعاون کو وسعت دیں گے
باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور قریبی ادارہ جاتی تعاون پر مبنی اپنی پائیدار دفاعی شراکت داری کو مضبوط کریں گے، اور علاقائی امن، سلامتی اور استحکام میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
پاکستان نے پاکستان کویت دفاعی تعاون معاہدہ 2023 کی کویت کی جانب سے حالیہ توثیق کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دونوں برادر ممالک کے درمیان طویل المدتی دفاعی شراکت داری میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان جون 2023 میں دستخط کیے گئے پاکستان کویت دفاعی تعاون معاہدے کی حالیہ توثیق کا خیرمقدم کرتا ہے،ترجمان کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان اور کویت کے درمیان 1980 کی دہائی کے اوائل سے قائم دیرینہ دفاعی تعلقات میں ایک اور اہم مرحلے کی حیثیت رکھتی ہے۔




