راولپنڈی(کشمیر ڈیجیٹل)چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) ہلالِ جرأت سےچینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبےکے وزیرمسٹر لیو ہائیشنگ نے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان و چین کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں جانب سے پاکستان اور چین کے درمیان ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
چینی وزیر نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی خدمات کو سراہا، چینی وزیرنے پاک چین اسٹریٹیجک شراکت داری کے مزید فروغ کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل کا دو بار تہران جانا مثبت پیشرفت ،امریکا ایران ثالثی پر محتاط انداز میں پرامید ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی، دیرینہ اور آزمودہ دوستی کو اجاگر کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کے مسلسل روابط، ادارہ جاتی تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
چینی معزز مہمان نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور پاکستان و چین کے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے حوالے سے اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔




