مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد کشمیر نےآزاد کشمیر کے تمام سرکاری و نیم سرکاری محکموں میں خالی آسامیوں پر تھرڈ پارٹی کے ذریعے بھرتیوں کی پالیسی نافذ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
نئی پالیسی کے تحت گریڈ 7 سے 15 تک کی تمام خالی آسامیوں پر تھرڈ پارٹی کے ذریعے بھرتیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
اس کا مقصد بھرتیوں کے عمل کو شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر مبنی بنانا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی آزادکشمیرکی تنظیم نو، 4نومبر کو اہم مشاورتی اجلاس طلب
اس سے قبل گریڈ 1 سے 15 تک مختلف محکموں میں خالی آسامیوں پر محکمانہ سلیکشن کمیٹیوں کے ذریعے بھرتیاں کی جاتی تھیں۔
تاہم ماضی میں ان بھرتیوں کے عمل میں سیاسی اثر و رسوخ، سفارش اور اقربا پروری کے الزامات سامنے آتے رہے۔
بعض حلقوں کے مطابق متعلقہ وزراء، اراکین اسمبلی اور محکمانہ افسران کے اثر و رسوخ کے باعث تقرریوں میں میرٹ متاثر ہوتا رہا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ہونڈا اقساط پلان: بغیر سود کے ہونڈا سی جی 125 اقساط پر حاصل کریں
واضح رہے کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں موجودہ وزیراعظم افتخار گیلانی نے بطور وزیر تعلیم محکمہ تعلیم اسکولز میں تھرڈ پارٹی نظام متعارف کروایا تھا۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے اسمبلی سے متعلقہ ایکٹ منظور کروایا تھا جس کے بعد این ٹی ایس کے ذریعے بھرتیوں کا آغاز کیا گیا اور تقرریوں میں میرٹ کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی۔
اب وزیراعظم کی حیثیت سے افتخار گیلانی نے اس پالیسی کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے تمام سرکاری و نیم سرکاری محکموں میں گریڈ 7 سے 15 تک بھرتیوں کے لیے تھرڈ پارٹی نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کے اس اقدام کو عوامی حلقوں، بالخصوص نوجوانوں اور روزگار کے منتظر امیدواروں کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔




