پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میرپور کے عوام نے شیر پر مہر لگا کر اعلان کر دیا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) سے جڑی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ 24 جولائی کو میرپور میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوامی استقبال نے ہی (ن) لیگ کے حق میں فیصلہ سنا دیا تھا جبکہ آج ہونیوالے انتخابی عمل نے اس فیصلے کی باضابطہ توثیق کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرپور کے عوام نے شیر پر مہر لگا کر ثابت کر دیا کہ وہ ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کی سیاست پر اعتماد رکھتے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شیر کا شکار تیر سے نہیں ہوتا ،مریم اورنگزیب کا کوٹلی میں بلاول بھٹو کو کرارا جواب
ان کا کہنا تھا کہ 21 جولائی کو مظفرآباد بھی اپنا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے حق میں سنا چکا ہے، جبکہ 2 اگست کو کشمیری عوام شیر پر مہر لگا کر اس فیصلے کو مزید مضبوط کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور خطے کی خوشحالی کے ایجنڈے کیساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور کشمیری عوام کا اعتماد پارٹی کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے مختلف حلقوں سے موصول ہونے والے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ جاری ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کی محرومیوں کا ازالہ صرف ن لیگ ہی کرسکتی ہے : مریم اورنگزیب
ابتدائی غیر سرکاری نتائج کے مطابق 13 حلقوں میں سے 6 کے نتائج مکمل ہو چکے ہیں، جن میں مسلم لیگ (ن) 4 نشستوں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 2 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔ حتمی نتائج کا اعلان الیکشن حکام کی جانب سے کیا جائے گا۔




