ویسٹ انڈیز

پہلے ٹیسٹ کا تیسرا دن: ویسٹ انڈیز کے پاکستان کیخلاف 7 وکٹ پر 126رنز ، 155 رنز کی برتری حاصل

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جا رہا پہلا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔

برائن لارا کرکٹ اکیڈمی ٹروبا میں کھیلے گئے تیسرے روز کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لیے ہیں، جس کے بعد میزبان ٹیم کی مجموعی برتری 155 رنز تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان نے تیسرے دن اپنی پہلی اننگز 199 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی، تاہم ابتدائی مزاحمت کے بعد مڈل اور لوئر آرڈر بیٹنگ لائن توقعات پر پورا نہ اتر سکی۔

کپتان شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ سلمان علی آغا 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد وکٹ کیپر محمد رضوان 12، عامر جمال 3 اور علی عثمان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

خرم شہزاد نے 19 رنز کی مفید اننگز کھیلی جبکہ محمد عباس کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 282 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پہلاٹیسٹ : ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 282 رنز بنا کر آؤٹ

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جسٹن گریوز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کی بیٹنگ لائن کو بڑا نقصان پہنچایا۔

29 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ویسٹ انڈیز کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی 4 وکٹیں صرف 43 رنز پر گر گئیں۔

تاہم تاگی نارائن چندر پال نے 35 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا۔ جسٹن گریوز 20 اور کپتان روسٹن چیس 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک ویسٹ انڈیز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لیے تھے۔ شیمار جوزف 22 اور کیمار روچ 5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، جبکہ میزبان ٹیم کو پاکستان پر مجموعی طور پر 155 رنز کی برتری حاصل ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:لنکا پریمیئر لیگ ،شاہین آفریدی دوران میچ ڈراپ، اینٹی کرپشن یونٹ آفیشل سے شکایت

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ خرم شہزاد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ میچ کے چوتھے روز دونوں ٹیمیں برتری کو فیصلہ کن بنانےکیلئے میدان میں اتریں گی، جہاں پاکستان ویسٹ انڈیز کی باقی ماندہ وکٹیں جلد حاصل کر کے ہدف محدود رکھنے کی کوشش کرے گا۔