راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ صدر مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہی کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے آزاد کشمیر کے دوروں نے سیاسی ماحول کو متحرک کر دیا ہے، جس کے باعث مخالف جماعتیں شدید انپریشانی کا شکارہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہمارے ماتھے کا تاج ہیں۔
راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ مظفرآباد کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔
انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ انتخابی مہم کو مزید مؤثر بنائیں اور پارٹی اُمیدواروں کی کامیابی کے لیے بھرپور انداز میں کام کریں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صرف اعتراضات کرنے کے بجائے عوامی فلاح کے منصوبوں میں مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ کر کے دکھایا جائے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شیر کا شکار تیر سے نہیں ہوتا ،مریم اورنگزیب کا کوٹلی میں بلاول بھٹو کو کرارا جواب
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں موٹرویز کا جال بچھایا گیا جبکہ شہباز شریف نے جدید سفری سہولیات متعارف کرائیں ۔ سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ آج مظفرآباد کی سڑکوں پر گرین بسیں چل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبے صرف لاہور تک محدود نہیں بلکہ صوبے کے مختلف شہروں میں سڑکوں و دیگر بنیادی ڈھانچے پر وسیع پیمانے پر کام کیا گیا ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں عوامی فلاح کے متعدد منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے۔
ان کے مطابق اپنا گھر، اپنی چھت پروگرام کے تحت 18 ماہ میں دو لاکھ افراد کو رہائش کی سہولت فراہم کی گئی، جبکہ ایک لاکھ طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے اور 50 ہزار طلبہ کو ہونہار اسکالرشپس دی گئیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کے انتخابی جلسے میں بلاول کے اٹھائے گئے سوالات پر مریم اورنگزیب کا ویڈیو ثبوت کے ساتھ ردعمل
انہوں نےمزید کہا کہ عوامی خدمت اور ترقیاتی اقدامات کی بدولت ملک بھر میں مریم نواز کی قیادت کو سراہا جا رہا ہے اور لوگ ان کے طرزِ حکمرانی کو پسند کر رہے ہیں۔




