مظفر آباد/ میرپور: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا وقت ختم ہو گیا جس کے بعد تمام پولنگ اسٹیشنز کے گیٹ بند کرکے ووٹوں کی گنتی کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق، پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے اضلاع میں صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے ووٹنگ کا عمل جاری رہا۔ پولنگ کا وقت ختم ہوتے ہی پولنگ اسٹیشنز کے دروازے ووٹرز کے لیے بند کر دیے گئے، تاہم مقررہ وقت کے اندر احاطے میں موجود افراد کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر انتخابات؛ غیرمعمولی ٹرن آؤٹ، پولنگ کا وقت 1 گھنٹہ بڑھادیا
اب تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ عملہ امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں بیلٹ باکس کھول کر ووٹوں کی گنتی کر رہا ہے۔ مختلف حلقوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کی آمد کا سلسلہ بھی بتدریج شروع ہو گیا ہے۔
سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے باعث مجموعی طور پر پولنگ کا عمل پرامن رہا اور شہریوں نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر ڈیجیٹل کا تاریخ ساز اقدام: آزاد کشمیر انتخابات کے لیے پہلے مرکزی ‘الیکشن پورٹل’ کا قیام
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کے نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق آزاد کشمیر کے انتخابات 3 مراحل میں ہو رہے ہیں، جس میں میرپور ڈویژن کے بعد اب اگلے مراحل میں دیگر ڈویژنز اور مہاجرین کی نشستوں پر پولنگ ہوگی۔
آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ کا عمل ختم ہوگیا۔، بھمبر میں دربار بابا شادی شہید کے پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی
تفصیلات کے مطابق آج میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میر پور، کوٹلی اور بھمبھر کے 13 حلقوں میں انتخابات ہورہے ہیں، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، استحکامِ پاکستان پارٹی اور آزاد امیدواروں سمیت 296 امیدوار میدان میں ہیں۔
میرپور ڈویژن کے3 اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبھر کے 13 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے۔ جن میں مرد ووٹرز 7 لاکھ 25 ہزار 118 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 75 ہزار 628 ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دھریک : مسلح جتھے کا انتخابی عمل سبوتاژ کرنے کا سنگین منصوبہ سامنے آگیا
میرپور ڈویژن میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جن میں ضلع میر پور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1107 اور ضلع بھمبھر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں دربار بابا شادی شہید کے پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے دوران شرپسندوں نے پولنگ باکس چھین کر اسے آگ لگادی۔ ڈی آر او کے مطابق جس بیلٹ باکس کو آگ لگائی گئی اس میں 232 ووٹ تھے۔
بابا شادی شہید کے ایک پولنگ اسٹیشن کے علاوہ تمام پولنگ اسٹیشن پر صورتحال نارمل ہے، دربار بابا شادی شہید پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ ہوگی یا نہیں فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
آئی جی پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں کہیں کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو پولیس کارروائی کرتی ہے، سیاسی کارکنوں سمیت کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔
چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتشاری ٹولوں کو مسترد کرکے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے
پُرامن انتخابات کے لیے تمام ریاستی ادارے تیار ہیں، انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن خراب کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
انتخابات کے لمحہ بہ لمحہ نتائج اور تازہ ترین صورتحال جاننے کیلئے فوراً کا وزٹ کریں۔




