میرپور ڈویژن میں بروقت اور پرامن پولنگ جاری، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں ،چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرپور ڈویژن میں پولنگ کا آغاز بروقت صبح 8 بجے ہو چکا ہے اور اب تک پرامن ماحول میں ووٹنگ کا عمل مسلسل جاری ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے میرپور ڈویژن کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے حقِ رائے دہی کے استعمال کے لیے باہر نکلیں اور اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کرکے حکومت سازی میں اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ الیکشن ہی وہ موقع ہے جب عوام ووٹ ڈال کر اپنی مرضی کے نمائندے منتخب کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کوٹلی واقعہ: چیف الیکشن کمشنر کا نوٹس، ڈیوٹی سے غفلت پر دو پریزائیڈنگ افسران گرفتار

ووٹ کی اہمیت اور سیکیورٹی انتظامات:

جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کا کہنا تھا کہ عوام اپنے ووٹ پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں اور ووٹ ڈالنے کے لیے لازمی گھروں سے باہر نکلیں۔ انہوں نے عوام کو اطمینان دلایا کہ ووٹرز کے پولنگ اسٹیشنز تک آنے جانے کے لیے سیکیورٹی کے تمام تر مؤثر اور پرامن انتظامات موجود ہیں۔

افواہوں سے پرہیز اور فریضے کی ادائیگی:

انہوں نے مزید عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر بالکل کان نہ دھریں اور بغیر کسی خوف کے بروقت اپنا ووٹ کاسٹ کریں، کیونکہ ووٹ کا استعمال ان کا مذہبی اور قانونی فریضہ ہے۔

مزید پڑھیں: میرپور ڈویژن کے انتخابات ملتوی ہونے کا نوٹیفکیشن جعلی، ووٹرز افواہوں پر کان نہ دھریں، الیکشن کمیشن