میرپور آزاد کشمیر کے ضلع میرپور کے چاروں انتخابی حلقوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت اور کانٹے دار مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔
حلقہ ایل اے-1 ڈڈیال میں مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق اور پیپلز پارٹی کے افسر شاہد آمنے سامنے ہیں، جبکہ ایل اے-2 میرپور میں مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے قاسم مجید سے ہے۔ اسی طرح ایل اے-3 میرپور میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید اور پیپلز پارٹی کے یاسر سلطان کے درمیان دلچسپ مقابلہ متوقع ہے، جبکہ ایل اے-4 کھڑی شریف میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رخصار اور پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد مدِ مقابل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوٹلی واقعہ: چیف الیکشن کمشنر کا نوٹس، ڈیوٹی سے غفلت پر دو پریزائیڈنگ افسران گرفتار
پولنگ اسٹیشنز کی تعداد اور سیکیورٹی نفاذ:
ضلع بھر میں مجموعی طور پر 557 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جہاں انتخابی عمل کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پولیس، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تقریباً 4,500 سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
منصفانہ اور محفوظ انتخابی ماحول:
انتظامیہ کی جانب سے حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور الیکشن کمیشن انتخابی عمل کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ووٹرز آزادانہ، منصفانہ اور محفوظ ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔




